PTIممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت کیلئے لارجر بینچ تشکیل دیدیا گیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے PTIممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت کیلئے لارجر بینچ تشکیل دیدیا.۔
قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا گیا ہے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار بھی لارجر بینچ کا حصہ ہوں گے۔
عدالت عالیہ اسلام آباد کا لارجر بینچ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کیخلاف اپیلوں پرسماعت کرے گا۔
دریں اثںا اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے الیکشن کمیشن کے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر انور منصور اور فیصل چوہدری پیش ہوئے۔
جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اس درخواست پر سماعت کے لیے لارجر بینچ بنا دیتے ہیں، لارجر بینچ کیس کی پرسوں سماعت کرے گا۔ پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور نے دلائل میں کہا کہ الیکشن کمیشن کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ ہم نے چیلنج کی ہے، حنیف عباسی کیس میں سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے۔
انور منصور نے کہا کہ اکاؤنٹس مختلف وجوہات کی بنا پر ظاہر کرنا ضروری نہیں تھا، پیسہ یہاں سے گیا ہے اس لیے صوبوں کے اکاؤنٹس میں ظاہر کرنا ضروری نہیں تھا۔ انور منصور نے استدعا کی کہ شوکاز نوٹس کی حد تک کوئی ایکشن نہ لیا جائے، اس پر عدالت نے کہا کہ یہ معاملہ بھی لارجر بینچ ہی دیکھے گا۔ عدالت نے کیس لارجر بینچ کے سامنے مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 18 اگست تک ملتوی کردی۔
