مولانافضل الرحمان نے جنوری میں انتخابات کی مخالفت کردی

جے یو آئی کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے جنوری میں عام انتخابات کے انعقاد پر سوالات اٹھا دیئے۔انکاکہنا تھاکہ جنوری میں بالائی علاقوں میں برف باری ہوگی لوگ کیسے ووٹ دیں گے۔

مولانافضل الرحمان کا فیصل آباد میں  صحافیوں سے گفتگو میں مزید کہنا تھاکہ برف باری کے دوران بالائی علاقوں کے لوگ میدانی علاقوں میں آ جاتے ہیں ان دنوں میں تو وہاں کے لوگ اپنے علاقوں میں نہیں ہوں گے تو ووٹ کیسے دیں گے؟اس معاملے پرالیکشن کمیشن کو سنجیدگی سے سوچنا پڑے گا۔

جے یو آئی کے امیر کاکہنا تھا کہ ہمیں نوید سنائی گئی کہ ملک میں امن قائم ہو گیا ہے لیکن صورت حال یہ ہے کہ کسی بھی امیدوار کیلئے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں الیکشن مہم میں حصہ لینا مشکل ہے اور ہمارے لیے تو ناممکن ہے۔ پاکستان نواز شریف کا اپنا ملک ہے، ان کو یہاں آنا چاہیے، سیاست کرنا ان کا حق ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھاکہ نواز شریف قانونی اور عدالتی معاملات پر اطمینان لے کر ہی واپس آ رہے ہوں گے، ہم ان کو آنے پر خوش آمدید کہیں گے۔

Back to top button