دہشتگردوں،سہولت کاروں کا مذہب ،نظریے سے تعلق نہیں

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کاکہنا ہے کہ دہشت گردوں ،سہولت کاروں کا مذہب،نظریے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔یہ دہشت گرد،سہولت کار پاکستان اورعوام کے دشمن ہیں،بدی کی یہ طاقتیں ریاست،فورسز کی بھرپور طاقت کا سامنا کرتی رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کادورکیااور انہیں مستونگ اور ژوب میں حالیہ دہشت گرد حملوں پربریفنگ دی گئی جبکہ نگران وفاقی وزیر داخلہ، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان، اہم صوبائی وزراء سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی بریفنگ میں شرکت کی۔شرکا نے مستونگ، ہنگو اور ژوب کے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

آرمی چیف نے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ 12 ربیع الاول کو دہشت گردی کے واقعات خوارج کے مذموم عزائم ظاہرکرتے ہیں، دہشت گردی کو بیرونی ریاستی سرپرستوں کی پشت پناہی بھی حاصل ہے۔

آرمی چیف کا  کہنا تھاکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کار وں کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں، یہ دہشت گرد اوران کے سہولت کارپاکستان اوراس کے عوام کے دشمن ہیں، بدی کی طاقتیں ریاست اور سکیورٹی فورسز کی بھرپورطاقت کاسامناکرتی رہیں گی، ریاست اور سکیورٹی فورسز کو مضبوط قوم کی حمایت حاصل ہے۔مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیز، قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑپھینکیں گے، پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے نظریے اور ان کے پشت پناہوں کے پروپیگنڈے کو مسترد کردیا ہے۔پاکستانی عوام امن، معاشی ترقی اور انسانی ترقی کیلئے مکمل پرُعزم ہیں، اس کی وجہ سے پاکستان کے اندر اور باہر شر پسند قوتوں کو بہت زیادہ تکلیف پہنچ رہی ہے۔

آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا بھی دورہ کیا اور مستونگ واقعے کے زخمیوں اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔جنرل عاصم منیر نے بلوچستان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بہادری کو سراہا اور شہدا کے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔

Back to top button