مومنہ اقبال کو شادی کیلئے کیسے شوہر کی تلاش ہے؟

معروف اداکارہ مومنہ اقبال اپنی شادی اور ملک میں بڑھتی ہوئی طلاقوں پر بات کرتے ہوئے ٹی وی شو کے درمیان آبدیدہ ہوگئیں۔

اداکارہ نے حال ہی میں وصی شاہ کے پروگرام میں شرکت کی تھی، جہاں وہ شادیوں، تعلقات اور طلاقوں پر بات کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں۔

مومنہ اقبال اپنے والدین کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے اس وقت آبدیدہ ہوگئیں جب انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ ان کے ہونے والے شریک سفر میں ان کے والد جیسی خوبیاں ہوں۔اداکارہ نے بات کرتے ہوئے والد کی تعریفیں کیں اور کہا کہ وہ ان کی والدہ کی ہر چھوٹی سے چھوٹی بات کا خیال رکھتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ ان کے والد کو بھی ایسا ہی داماد ملے، جیسے وہ خود ہیں۔جیسے وہ خود اپنی شریک حیات کا خیال رکھتے ہیں۔اسی دوران مومنہ اقبال آبدیدہ ہوگئیں اور خواہش ظاہر کی کہ وہ چاہتی ہیں کہ انہیں ان کے والد جیسا ہی مرد شادی کے لیے ملے۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے طلاق کے بعد ایک دوسرے پر تنقید کرنے والی شخصیات اور عام افراد کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ انہیں ایسا نہیں کرنا چاہئیے کیوں کہ طلاق سے قبل ان دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ اچھا وقت گزارا ہوتا ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ طلاق کے بعد عام طور پر لڑکے اپنی سابق بیوی کی برائیاں کرتے ہیں، اس وقت وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ انہوں نے اس ہی لڑکی کے ساتھ بہت سارا وقت بھی گزارا تھا۔مومنہ اقبال کے مطابق وہ جب طلاق یا تعلقات ختم ہونے کے بعد لڑکے اور لڑکیوں کو ایک دوسرے پر سوشل میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے دیکھتی ہیں تو انہیں تکلیف ہوتی ہے، ان سےیہ چیزیں برداشت نہیں ہوتیں۔

مومنہ اقبال نے اپنے مستقبل کے جیون ساتھی کے بارے میں بات کرتے کہا ہے کہ اس دنیا میں اچھے لڑکے ملنا مشکل ہے، آج کل کے لڑکے اور لڑکیوں کی ترجیحات کچھ اور ہوگئی ہیں۔

اداکارہ نے اپنے کریئر کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے بی-کام کرنے کے بعد اداکاری کے شعبے میں قدم رکھا تھا۔مومنہ نے بتایا کہ شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کے فوراً بعد خوش قسمتی سے انہیں مرکزی کردار ملنے آفر ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ چونکہ مجھے فوری مرکزی کردار آفر ہونے شروع ہوگئے جس کی وجہ سینئر اداکاروں کی طرف سے مشکل کا سامنا کرنا پڑا کہ مجھے یہ کردار اتنی جلدی کیسے مل گئے۔مومنہ اقبال کا کہنا تھا کہ ’مجھے اپنے گوری رنگت کی وجہ سے بھی مشکل کا سامنا کرنا پڑا‘، تاہم اداکارہ کو کس طرح کے چیلنجز کا سامناکرنا پڑا انہوں نے اس کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

جیون ساتھی سے متعلق بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ اچھے لڑکے اس دنیا میں ملنا مشکل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج کل کے لڑکے اور لڑکیوں کی ترجیحات کچھ اور ہیں، فیملی اور گھر ان کی ترجیحات نہیں ہیں۔انہوں نے اپنے مستقبل کے جیون ساتھی سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’جیون ساتھی کے لیے خوبصورت ہونا کافی نہیں ہے، اگر انسان اندر سے خوبصورت ہو تو وہ باہر سے بھی حسین دکھنے لگتا ہے، جو اللہ سے ڈرتا ہوگا وہ پوری زندگی آپ کے ساتھ رہ سکتا ہے، جس کو اللہ کا ڈر نہیں ہے اس کو کسی کا ڈر نہیں ہوتا، وہ دوسری کی زندگی تباہ کردیتا ہے۔

خیال رہے کہ مومنہ اقبال پاکستان کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ہیں جنہوں نے کئی ٹی وی ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیا ہے، ان کے معروف ڈراموں میں ’احسان فراموش‘، ’سمجھوتا‘، ’میرے ہم نشین‘ اور دیگر شامل ہیں۔

Back to top button