مہنگی بجلی،صنعتی پیداوار کی لاگت میں 25 سے 30 فیصد اضافہ ہوگیا

بجلی کے ٹیرف میں تاریخی اضافے کے بعد صنعتی پیداوار کی لاگت میں 25 سے 30 فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے، جس سے تاجر برادری میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے، مہنگائی کی نئی لہر آنے کو تیار ہے۔
تاجروں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے نے پاکستانی صنعتوں بالخصوص برآمدی صنعت کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے، اور برآمدی صنعت علاقائی سطح پر مقابلہ کرنے سے قاصر ہوتی جارہی ہے، جس سے پاکستان کو اپنی برآمدی آمدنی پر سمجھوتہ کرنا پڑ سکتا ہے جو کہ شدید معاشی حالات کو مزید پیچیدہ کرنے کے مترادف ہے۔
سی ای او پاکستان بزنس کونسل احسان ملک نے اس حوالے سے کہا کہ بجلی قیمتوں میں اضافے نے برآمدی سیکٹر کو علاقائی سطح پر مقابلے سے باہر کردیا ہے، جس کی وجہ سے برآمدی آمدنی میں کمی واقع ہوگی، اور بہت سے لوگ اپنی نوکریاں کھو دیں گے، حکومت کو بجلی کو قابل رسائی بنانے کیلیے بنیادی اصلاحات کرنے کی ضرورت ہے، جس کے لیے ملک کو ایک منتخب حکومت درکار ہے۔
