وزیراعظم کا چھوٹے کاروبار کے لیے شاندار پیکیج کا اعلان

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے 3 ارب روپے کے رسک پول کا شاندار اعلان کیا ہے۔

ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ای ڈی ایف اور ’ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان‘ کی جانب سے بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے برآمدی انشورنس کوریج کی فراہمی کا شاندار الفاظ میں خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ 3 ارب روپے کا نیا رسک پول ایس ایم ایز کے لیے ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس تک رسائی کو وسیع کرے گا، جس سے کاروباری برادری بغیر کسی خوف کے اپنی برآمدات کا حجم بڑھا سکے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں درمیانے درجے کے کاروبار کا فروغ معاشی ترقی کے لیےانتہائی خوش آئند اور ناگزیر اقدام ہے۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای ڈی ایف کی تنظیم نو کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور اب اس کی قیادت نجی شعبے کے تجربہ کار ماہرین کے سپرد کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم نے ملکی معیشت کو تقویت دینے اور ان شاندار اصلاحات پر ای ڈی ایف کی ٹیم کی بھرپور پذیرائی کی۔

بریفنگ میں واضح کیا گیا کہ ادارے کے پاس موجود 24 ارب روپے کا مکمل سرمایہ اب صرف اور صرف کاروباری برادری کی سہولت اور سرمایہ کاری کے لیے استعمال کیا جائے گا اور مزید انفراسٹرکچر کی مد میں کسی قسم کا خرچہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ اقدامات برآمدات پر مبنی معیشت کو پروان چڑھانے کے حکومتی وژن کی تکمیل ہیں۔

Back to top button