وفاقی حکومت واضح کرے خواجہ آصف کا بیان پالیسی ہے یا ذاتی رائے؟ : شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ وفاقی حکومت واضح کرے، خواجہ آصف کا بیان حکومتی پالیسی ہے یا ان کی ذاتی رائے؟

سینئر رہنما پیپلز پارٹی شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ وفاقی وزراء کی بیان بازی صوبے کے خلاف سیاسی جارحیت کے مترادف ہے، خواجہ آصف سندھ اور پیپلزپارٹی پر بیان بازی سے پہلے تاریخ، آئین اور پارلیمانی ریکارڈ کا مطالعہ کریں۔

شرجیل میمن نے کہاکہ پیپلزپارٹی کا مؤقف دو رُخی نہیں بلکہ دوٹوک، اصولی اور آئینی ہے، پنجاب اسمبلی سرائیکی صوبے کے حق میں دو مرتبہ جب کہ سندھ اسمبلی سندھ کے اندر مزید صوبے بنانے کے خلاف آٹھ مرتبہ قراردادیں منظور کرچکی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ن اپنے اتحادیوں کو خوش کرے لیکن سندھ کو قربانی کا بکرا بنانے سےگریز کرے،پیپلزپارٹی نے ہمیشہ وفاق کو مضبوط،آئین کو بالادست اور جمہوری نظام کو مستحکم کرنے کی سیاست کی ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر نے کہاکہ پاکستان کے وفاق اور جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کےلیے پیپلزپارٹی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

Back to top button