آزاد کشمیر کابینہ کے ارکان کو محکموں کے قلمدان تفویض

 

 

 

 

آزاد جموں و کشمیر حکومت نے نئی کابینہ کے آٹھ وزراء کو باقاعدہ طور پر محکموں کے قلمدان تفویض کر دیے ہیں، سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر کی منظوری کے بعد کابینہ ارکان کو مختلف اہم محکموں کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سردار میر اکبر خان کو پبلک ہیلتھ انجینئرنگ،لوکل گورنمنٹ اور دیہی ترقی کے محکمے دیےگئے ہیں، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کو صحت عامہ، کرنل (ر) وقار نور کو جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز، راجہ ثاقب مجید کو پاور، توانائی و آبی وسائل، چوہدری اظہر صادق کو ہائر ایجوکیشن، راجہ ریاست خان کو مال بحالیات، انجینئر عمیر نعیم کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ و کمیونیکیشن، جب کہ عبدالرحمان آرائیں کو صنعت، تجارت، محنت و دیگر متعلقہ محکموں کا قلمدان سونپاگیا ہے۔

نئے صوبوں پر سنجیدہ قومی مکالمہ ضروری ہے: وفاقی وزیر پارلیمانی امور

یاد رہے کہ آزاد کشمیر کی نئی حکومت کی آٹھ رکنی کابینہ نے گزشتہ روز ایوانِ صدر مظفرآباد میں حلف اُٹھایا تھا،قائم مقام صدر آزادکشمیر چوہدری طارق فاروق نے وزراء سے حلف لیا، جب کہ وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار علی گیلانی سمیت مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی قیادت،اراکین اسمبلی،اعلیٰ سرکاری افسران اور دیگر شخصیات بھی تقریب میں موجود تھیں۔

حلف اٹھانے والے وزراء میں سردار میر اکبر خان، کرنل (ر) وقار نور، چوہدری اظہر صادق، راجہ ثاقب مجید، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی، راجہ ریاست، انجینئر عمیر نعیم اور عبدالرحمان آرائیں شامل ہیں،کابینہ کے قیام اور قلمدانوں کی تقسیم کےبعد نئی حکومت کے انتظامی امور باقاعدہ طور پر آگے بڑھنےکا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔

 

Back to top button