نئے صوبوں پر سنجیدہ قومی مکالمہ ضروری ہے: وفاقی وزیر پارلیمانی امور

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کا معاملہ کسی ایک جماعت یا صوبے کا نہیں بلکہ یہ ایک قومی معاملہ ہے۔ نئے صوبوں پر بحث اب قومی سطح پر آگے بڑھے گی۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں،تمام سیاسی جماعتوں اور متعلقہ فریقین کو سنجیدہ قومی مکالمے کے ذریعے اس مسئلے پر بات کرنی چاہیے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا مقصد عوام تک وسائل، انتظامی سہولیات اور حکومتی خدمات زیادہ مؤثر انداز میں پہنچانا ہوناچاہیے۔ اگر موجودہ نظام میں اصلاحات کےذریعے عوامی مسائل حل کیے جاسکتے ہیں تو نئے صوبوں کے مخالفین اپنا مدلل مؤقف قوم کے سامنے رکھیں۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ کسی دوسری اسمبلی کو نئے صوبوں جیسے اہم قومی معاملے پر بحث سے روکنا غیرمنطقی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے قومی اسمبلی کو نئے صوبوں کے معاملے پر بات نہ کرنےکا مشورہ ایک جذباتی سیاسی مؤقف ہے۔نئے صوبوں پر بحث اب قومی سطح پر آگے بڑھے گی۔
طارق فضل چوہدری نےکہا کہ اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو اس قومی مکالمے کا حصہ بننا چاہیے۔وزیراعظم پہلے بھی اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں اور یہ دعوت آج بھی برقرار ہے۔دیگر معاملات پر اختلاف اپنی جگہ، نئے صوبوں جیسے اہم قومی مسئلے پر بات چیت سے گریز نہیں ہونا چاہیے۔
نئے انتظامی یونٹس بنانے کا فیصلہ عوام کی مرضی سے ہونا چاہیے: محسن نقوی
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ عوام کی رائے اور آئینی و جمہوری طریقہ کار کے مطابق ہی ہوگا۔فی الحال مقصد اس اہم قومی مسئلے پر سنجیدہ،دلیل پر مبنی اور کھلا مکالمہ شروع کرنا ہے۔
