مینار پاکستان پر 13 اگست کی رات تشدد اور توڑ پھوڑ کے دو واقعات

پہلے واقعے میں مینارِ پاکستان کے گارڈز کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بے قابو ہجوم گیٹ نمبر 5 کا تالا توڑ کر اندر داخل ہوا اور مینارپر چڑھ گیا جبکہ دوسرے واقعے میں اسی ہجوم نے ایک کیبن اورایک موٹر سائیکل کو آگ بھی لگائی۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے جس کے مطابق پہلے واقعے میں ہجوم نے گارڈ شاہد، شفیق اور وقاص کو تشدد کا نشانہ بنایا اوربے قابو ہجوم گیٹ نمبر 5 کا تالا توڑ کر اندر داخل ہوا اور مینارپر چڑھ گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ہجوم نے سکیورٹی اہلکاروں پر پتھراؤ کیا، گارڈ عثمان اور ذیشان کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ ہجوم کو مینار پاکستان سے باہر دھکیل دیا گیا لیکن رات دو بجے پھر ہنگامہ کیا اور ہجوم نے کیبن اورایک موٹر سائیکل کو آگ لگا دی۔ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ہجوم نے واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمرے اور لائٹسں بھی توڑیں۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ 5 ہزار کے ہجوم کے خلاف فساد کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ مقدمہ توڑ پھوڑ اور آگ لگانے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
