آزاد کشمیر میں دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائیں گے : رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام نے دو انتخابی مراحل میں مسلم لیگ (ن) پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیاہے، باغ اور پونچھ ڈویژن کے تیسرےمرحلے میں بھی پارٹی کامیاب ہوگی اور آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی۔
باغ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتےہوئے مرکزی رہنما مسلم لیگ ن رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ لازوال ہے،پاکستان کی مسلح افواج میں کشمیریوں کی نمائندگی موجود ہے۔
سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہاکہ کشمیریوں نے پاکستان اور کشمیر کے دفاع کےلیے بےمثال قربانیاں دی ہیں۔معرکہ حق میں بھی کشمیری عوام اور پاک فوج پاکستان کے دفاع میں ایک ساتھ کھڑےرہے۔تحریک آزادی جموں و کشمیر ہمارے لیے تحریک تکمیل پاکستان ہے،پاکستان کشمیر کےبغیر نامکمل ہے اور کشمیر پاکستان ہے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے درمیان اس مضبوط رشتے کو دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کرسکتی۔باغ اور پونچھ کے عوام کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی حمایت اس وابستگی کا ایک اور اظہار ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، پشاور،لاہور اور ملتان سمیت پاکستان کے ہرحصے میں کشمیریوں کو دیگر پاکستانیوں کے برابر حقوق،عزت اور مقام حاصل ہے۔کشمیری مختلف شعبوں میں کاروبار اور ملازمتیں کررہے ہیں۔
سہہ ملکی دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کے اتحاد کی شروعات ہے: خواجہ آصف
رانا ثنا اللہ نے کہاکہ آزاد کشمیر میں دو مراحل کے انتخابات کےبعد مسلم لیگ (ن) کی اسمبلی میں 24 منتخب ارکان کی پوزیشن ہے، جب کہ مخصوص نشستیں ملنے کے بعد پارٹی کی مجموعی تعداد 30 تک پہنچ جائے گی۔دو تہائی اکثریت کےلیے مزید چھ ارکان درکار ہیں۔10 اگست کو باغ اور پونچھ ڈویژن سے مزید 4 مسلم لیگ (ن) کے ارکان منتخب ہوئےتو پارٹی دو تہائی اکثریت کے مزید قریب پہنچ جائے گی،جب کہ پونچھ ڈویژن کی باقی نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کی امید ہے۔
