نئے فوجی ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کون ہیں ؟

مطالعہ کے شوقین، گالف کے دلدادہ اور اختلاف رائے پر یقین رکھنے والے نئے فوجی ترجمان اور شعبہ تعلقات عامہ کے نئے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کا تعلق آرمرڈ کور اور 81ویں لانگ کورس سے ہے جنہیں 2018 میں میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔
میجر جنرل بابر افتخار کو میجر جنرل آصف غفور کی جگہ پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا نیا ڈی جی تعینات کیا گیا ہے جو اپنے عہدے کا چارج فروری کے پہلے ہفتے میں لیں گے۔ میجر جنرل بابر افتخار کا تعلق آرمڈ کور کی یونٹ 6 لانسر سے ہے۔ میجر جنرل بابر افتخار نے 1990 میں فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے گریجویٹ ہیں اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور اردن کے رائل کمانڈ اینڈ سٹاف کالج سے بھی گریجویٹ ہیں۔
عسکری حلقوں کے مطابق میجر جنرل بابر افتخار دوران ملازمت کمانڈ اینڈ سٹاف پوزیشنز پر کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ دوران سروس وہ اعلیٰ پوسٹوں پر فائز رہے ہیں۔میجر جنرل بابر افتخار بریگیڈ میجر، انفنٹری کے بریگیڈیئر سٹاف کے عہدے پر بھی تعینات رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں آپریشن ضرب عضب کے دوران انفنٹری اورآرمڈ بریگیڈ کی کمانڈ کرنے کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے۔
بابر افتخار نے آرمرڈ بریگیڈ میں بطور میجر خدمات انجام دیں۔ انہوں نےشمالی وزیرستان کی ایک انفنٹری ڈویژن میں بطور بریگیڈ اسٹاف خدمات انجام دیں۔ اس سے قبل وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں انسٹرکٹر بھی رہے ہیں۔ بابر افتخار پاکستان ملٹری اکیڈمی کے فیکلٹی ممبربھی رہنے کے علاوہ کور ہیڈ کوارٹر میں چیف آف سٹاف بھی رہے ہیں۔
اس کے علاوہ میجر جنرل بابر افتخار ملٹری آپریشنز کے ڈائریکٹوریٹ میں بھی ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر بننے سے قبل بابر افتخار آرمرڈ ڈویژن کی کمانڈ کر رہے تھے۔ ان کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ میجر بابر افتخار گالف کے دلداہ ہیں اور کتابیں پڑھنے کا بھی خاصا شغف رکھتے ہیں۔ ماضی میں ان کے ساتھ کام کرنے والے افسران کا کہنا ہے کہ میجر جنرل بابر افتخار کو فوج میں ایک سخت گیر افسر کے طور پر جانا جاتا ہے لیکن وہ اختلاف رائے کو بھی اہمیت دیتے ہیں۔
خیال رہے کہ میجر جنرل بابر افتخار سے قبل اب تک پاک فوج کی ترجمانی کی ذمہ داری میجر جنرل آصف غفور ادا کر رہے تھے۔سبکدوش ہونے والے میجر جنرل آصف غفور نے 1988 میں پاکستان فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا اور انہیں 15 دسمبر 2016 کو ڈی جی آئی ایس پی آر کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا وہ اب اوکاڑہ میں پاکستان فوج کی 40 ویں انفنٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی سی او) کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے.
واضح رہے کہ پاکستانی فوج میں بطور میجر جنرل چھ سالہ مدت میں ایک افسر تین سال کمان کے عہدے پر رہتا ہے جبکہ باقی تین سال سٹاف اپوائنٹمنٹ پر تعینات رہتا ہے
