ناراض ارکان پنجاب اسمبلی کو وزیراعلیٰ نے ملاقات کیلئے بلالیا

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے 20 ناراض اراکین صوبائی اسمبلی کو کل ملاقات کے لیے بلالیا ہے، وزیراعلیٰ سے ملاقات میں ناراض اراکین اپنے مطالبات اور تحفظات سے آگاہ کریں گے۔
گزشتہ دنوں تحریکِ انصاف سےتعلق رکھنے والے 20 ارکانِ پنجاب اسمبلی نے پریشر گروپ تشکیل دیا تھا اور وزیراعلیٰ پنجاب سے اپنے اپنے حلقوں کے لیے فنڈز اورعوامی منصوبوں کا مطالبہ کیا تھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اِس گروپ کو 23 جنوری کو ملاقات کے لیے بلالیا ہے جہاں گروپ کے ارکان وزیر اعلیٰ کو اپنے مطالبات اور تحفظات سے آگاہ کریں گے۔ پریشر گروپ کے رکن غضنفر عباس چھینہ کا کہناہےکہ ان سب کی خواہش ہے کہ وزیراعلیٰ باختیار ہوں، ان کا اعتراض ہے کہ جو کام چیف سیکریٹری کے کہنے پر ہوجاتا ہےوہ ان کی درخواست پرکیوں نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ گروپ میں مزید دوست بھی شامل ہونا چاہتے ہیں، ہم اپنے حلقوں میں ترقیاتی منصوبے اور پیکیج چاہتے ہیں، عوام کے مسائل اور ایوان کی بالادستی کے لیے آواز بلند کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے پریشر گروپ نے اپنے معاملات میں بہتری کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو فروری تک کا وقت دے رکھا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے جنوبی پنجاب کے مختلف حلقوں سے تعلق رکھنے والے 20 ناراض ارکان صوبائی اسمبلی نے الگ گروپ بنایا تھا، ناراض گروپ کے اراکین نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے حلقوں کے لیے فنڈز اورعوامی منصوبوں کامطالبہ کیا تھا۔ اس گروپ میں سردار شہاب الدین، ملک غضنفر چھینہ، تیمور لالی، مامون تارڑ، فیصل فاروق چیمہ، اعجاز خان،گلریز افضل چن ،کرنل غضنفر عباس، خواجہ داؤد بندیشہ، محی الدین کھوسہ اور عامر عنایت شہوانی سمیت دیگر ارکان شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button