ناردرن کی ٹیم نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں پہنچ گئی

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں ناردرن نے خیبرپختونخوا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ فاسٹ باؤلر حارث رؤف کے آخری اوور نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا ، آخری 6 گیندوں پر خیبرپختونخوا کی ٹیم محض 4 رنز بنا سکی جبکہ اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹے۔
اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں جاری فاسٹ باؤلر عثمان شنواری کے 5 شکار اور افتخار احمد کی نصف سنچری بھی خیبرپختونخوا کو کامیابی نہ دلا سکی ، اس سے قبل خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر عمرامین کے علاوہ ناردرن کا کوئی بلے باز عثمان خان شنواری کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔
عمر امین کے43 رنز کی بدولت ناردرن نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے ، فاسٹ باؤلر عثمان شنواری نے 13 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ عمران خان جونیئرنے 2 جبکہ جنید خان اور مصدق احمد نے 1،1 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 149 رنز پر مشتمل ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی جانب سے اننگز کا آغاز بھی متاثر کن نہ رہا اور محض 24 رنز پر 2 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد افتخار احمد اور فخرزمان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 65 رنز جوڑے۔
افتخار احمد نے 53 رنز کی اننگز کھیلی ، ان کی اننگز میں 6 چوکے شامل تھے ، اوپنر فخر زمان نے 39 رنز بنائے ، بائیں ہاتھ کے بلے باز خوشدل شاہ نے اختتامی اوورز میں 17 گیندوں پر 22 رنز بنا کر خیبرپختونخوا کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی ، خیبرپختونخوا کی ٹیم کو آخری اوور میں جیت کے لیے 8 رنز درکار تھے تاہم فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی تیز رفتار گیندوں کے سامنے خیبرپختونخوا کے کھلاڑی مکمل دباؤکا شکار نظر آئے اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہو کر پویلین واپس لوٹتے رہے۔
آخری اوور میں آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد، مصدق احمد، زوہیب خان اور محسن خان شامل ہیں ، مقررہ 20 اوورز میں خیبرپختونخوا کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز ہی بنا سکی ، ناردرن کی جانب سے حارث رؤف نے 26 رنز کےعوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔
سہیل تنویر نے 2 جبکہ محمد عامر اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ، میچ میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button