نامعلوم شخص کی فائرنگ سےفوج کاسابق افسرجاں بحق

کراچی ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں نامعلوم شخص کی فائرنگ سے پاک فوج کا ایک سابق افسرجاں بحق اورپھل فروش زخمی ہوگیا۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس کے مطابق ریٹائرڈ فوجی افسرمشتاق خان ڈی ایچ اے فیزVIII میں پھل فروش سے پھل خرید رہے تھے تواس دوران مسلح شخص نے ان پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگیا۔
ہسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹرڈاکٹرسیمی جمالی نے بتایا کہ مشتاق خان اوردکاندارصاحب خان کو گولی لگی اورانہیں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹرمنتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مشتاق خان کو مردہ قراردے دیا۔ پولیس سرجن ڈاکٹرقراراحمد عباسی نے بتایا کہ ‘مشتاق خان کی ران میں گولی لگی تھی’۔ پولیس سرجن نے بتایا کہ شاید زیادہ خون بہنے کی وجہ سے مشتاق خان کی موت واقع ہوئی۔ پولیس سرجن نے مزید کہا کہ پھل فروش کی ٹانگ میں چوٹ لگی تاہم اب اس کی حالت خطرےسے باہرہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ امیرفاروقی نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ حملہ آورموٹرسائیکل سوارپرتنہا تھا، کلین شیواورشلوارقمیض میں ملبوس تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے ایک گولی چلائی جو مشتاق خان کو لگنے بعد پھل فروش کو لگی۔ علاوہ ازیں تفتیش کارملزم کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کے تحت واقعہ کی نوعیت کے بارے میں معلوم ہوسکے گا کہ آیا یہ ٹارکیٹ کلنگ تھی یا چوری کی کوشش۔
واضح رہے مشتاق خان سابق آرمی میجراورڈی ایچ اے فیز II میں ایک اسکول کے مالک تھے۔ پولیس نے بتایا کہ مبینہ طور پروہ اسکول سے ڈی ایچ اے میں ذوالفقاراسٹریٹ پرواقع اپنی رہائش گاہ جارہا تھا۔
خیال رہے کہ اپریل 2017 کو کراچی کےعلاقے بلوچ کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک سابق افسرجاں بحق ہوگئے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل پر سوارنامعلوم افراد نے بلوچ کالونی پل کے قریب ایک کار پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں کارمیں سوار60 سالہ ریٹائرڈ کرنل طاہر ضیا جاں بحق جبکہ ایک راہگیر زخمی ہوگیا تھا۔
