ندا یاسر نے ’’یاسر نواز‘‘ کو شادی سے انکار کیوں کیا؟


ایک گھریلو اور فرمانبردار بیوی کے طور پر اپنی شادی شدہ زندگی کا آغاز کرنے والی معروف ٹی وی میزبان ندا یاسر نے بتایا ہے کہ ان کی اداکار یاسر نواز سے ٹیلی فلم کی شوٹنگ کے دوران دوستی ہوئی لیکن جب انہیں معلوم ہوا کہ یاسر نواز سندھی ہیں تو میں نے انکے ساتھ شادی سے انکار کر دیا تھا، یاد رہے کہ یاسر اور ندا کی شادی کو ڈیڑھ دہائی کا عرصہ گزر چکا ہے اور دونوں کے بچے بھی ہیں، ان کا شمار شوبز کی مقبول ترین اور کامیاب جوڑیوں میں ہوتا ہے۔ ندا یاسر نے حال ہی میں ’فوچیا میگزین‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں اپنی شادی، خاندان اور کیریئر سے متعلق کھل کر باتیں کیں اور بتایا کہ انہیں مارننگ شو کرتے 13 سال ہو چکے ہیں، انہوں نے بتایا کہ جب میں نے اے آر وائی پر اپنا پروگرام شروع کیا تو تب تک میری شادی ہو چکی تھی۔
ندا نے بتایا کہ نادیہ خان اور شائستہ لودھی ان سے قبل ہی مارننگ شو کرتی تھیں جبکہ وہ اتفاقی طور پر مارننگ شو کی دنیا میں داخل ہوئیں، ندا نے بتایا کہ اے آر وائی پر پہلے شائستہ لودھی مارننگ شو کرتی تھیں، ایک روز شائستہ نے انہیں درخواست کی کہ وہ کچھ دن کے لیے ان کی جگہ یہ شو کرلیں، جب انہوں نے شو کیا تو انہیں بہت مزہ آیا اور انہوں نے مارننگ شو کی میزبان بننے کا فیصلہ کر لیا۔
ندا یاسر نے انکشاف کیا کہ ابتدائی طور پر انکے شوہر نے انہیں مارننگ شو کرنے کی اجازت نہیں دی تھی اور کہا کہ جو خواتین مارننگ شو کرتی ہیں، ان کی شادیاں زیادہ دیر تک نہیں چلتیں۔
لیکن ندا نے شوہر سے ابتدائی طور پر ایک سال تک مارننگ شو کرنے کی اجازت لی۔ بعد میں ان سے دوبارہ 6 ماہ اور پھر اسکے بعد ایک اور سال کی اجازت لے لی۔ لیکن تیسرے سال کے بعد میرے شوہر نے ٹی وی شو کرنے پر اعتراض کرنا چھوڑ دیا۔
ندا یاسر کے مطابق انہوں نے شادی سے قبل ڈراموں میں کام کیا تھا مگر تب تک ان کے یاسر سے تعلقات استوار نہیں ہوئے تھے، انہوں نے کہاکہ ہماری دوستی ’محبت‘ نامی ٹیلی فلم میں کام کرنے کے دوران ہوئی، ٹی وی میزبان کے مطابق ’محبت‘ کی شوٹنگ کے دوران ہی یاسر نواز نے انہیں شادی کی پیش کش کی، جسے انہوں نے یہ کہہ کر مسترد کیا کہ یاسر ’سندھی‘ ہیں، اور وہ ان سے شادی نہیں کر سکتیں۔ ندا یاسر نے اعتراف کیا کہ وہ سندھیوں سے متعلق غلط سوچ رکھتی تھیں اور ان کا خیال تھا کہ سندھی بڑے رعب دار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے چونکہ یاسر نواز کے دبنگ والد کے ڈرامے بھی دیکھ رکھے تھے، اس لیے میرے ذہن میں سندھیوں سے متعلق غلط رائے قائم ہو چکی تھی، ندا نے بتایا کہ جب میں نے ’سندھی‘ ہونے کے ناطے یاسر نواز سے شادی سے انکار کیا تو وہ دنگ رہ گئے اور جواب دیا کہ وہ ’سندھی‘ ہیں’ہندو‘ نہیں کہ وہ شادی سے انکار کر رہی ہیں۔
ایک سوال پر ندا یاسر نے کہا کہ ان کے شوہر جہاں حساس ہیں، وہیں رشتوں سے متعلق جذباتی بھی ہیں جبکہ رعب دار بھی ہیں، انہیں ایسی بیوی چاہئے جو حکم کی تعمیل کرتی ہو، ندا یاسر نے بتایا کہ شادی کے آغاز میں انہوں نے کھانے بھی بنائے لیکن اب مصروفیات اتنی بڑھ گئی ہے کہ کھانا میں نہیں بنا پاتی۔

Back to top button