نمونیہ میں مبتلا عمر شریف کی جرمنی سے امریکہ روانگی تاخیر کا شکار
معروف کامیڈین عمر شریف کی علاج کی غرض سے جرمنی سے امریکہ روانگی تاخیر کا شکار ہو گئی ہے ، نمونیہ میں مبتلا ہونے کی وجہ سے کامیڈین کا جرمنی کے ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے .
سٹیج سے اداکاری کا آغاز کرنے والے معروف کامیڈین اور میزبان عمر شریف دل کی ہائی رسک سرجری کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے پاکستان سے 28 ستمبر کو جرمنی پہنچے جہاں سے انھیں امریکا کے لیے سفر کرنا تھا۔
معروف کامیڈین عمر شریف جرمنی پہنچنے پر بخار، ہلکے نمونیہ اور نقاہت کا شکار ہو گئے تھے جس پر انھیں نیورمبرگ کے ہسپتال میں داخل کیا گیا جہاں وہ تاحال زیر علاج ہیں اور طبیعت کی بحالی کے بعد ہی امریکا جائیں گے۔
کامیڈین عمرشریف کے دل کے آپریشن کے لیے 8 ماہرین امراض قلب کی ٹیم بنائی گئی ہے جس میں پاکستانی اداکارہ ریما کے شوہر ڈاکٹر سید طارق شہاب بھی شامل ہیں ، ریما اور ان کے شوہر نے عمر شریف کے علاج کے لیے خصوصی دلچسپی ظاہر کی تھی۔
ماہرامراض قلب سید طارق شہاب نے جرمنی میں زیر علاج عمر شریف کی طبیعت میں بہتری کی تصدیق کی ہے ، عمر شریف کو اینٹی بائیوٹک دی جا رہی ہیں تاہم مکمل صحت یابی کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
ڈاکٹروں کی جانب سے عمر شریف کو امریکا روانگی کی اجازت دینے کے لیے مزید 24 گھنٹے لگ سکتے ہیں جب کہ جرمنی سے واشنگٹن کا سفر 8 سے 9 گھنٹے طویل ہے جہاں عمر شریف کے آپریشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
