نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنایا

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے عالمی طاقتوں کی دھمکیوں کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ناقابل تسخیر بنا دیا اور پاکستان ایک ایٹمی قوت کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھر کر سامنے آیا۔
یوم تکبیر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جب ہندوستان نے پانچ ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو مرعوب کرنے کی کوشش کی، تو پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف چھ ایٹمی دھماکے کر کے ناصرف پاکستان کے دفاع کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ناقابل تسخیر بنا دیا بلکہ دشمن کے دانت بھی کھٹے کردیے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عرب ممالک کے معاشی پیکج کو اس وقت حقارت سے ٹھکرایا کیونکہ ان کی نظر میں ملک کا مفاد مقدم تھا حالانکہ نواز شریف چاہتے تو بدلے میں معاشی پیکج لے سکتے تھے اور بل کلنٹن کی جانب سے پابندی کی دھمکیوں کے باوجود بھی ایٹمی دھماکا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایٹمی قوت بنانے کے کام کا آغاز ذوالفقار علی بھٹو کے دور سے شروع ہوا اور تمام ادوار میں تمام سیاستدانوں اور سیاسی قیادتوں نے اس میں اپنا حصہ ڈالا اور 28مئی کو پاکستان پوری دنیا میں واحد اسلامی ایٹمی قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آیا۔مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ آج کورونا میں پوری دنیا گھری ہوئی ہے، پاکستان میں بھی کورونا نے بہت تباہی مچائی ہے اس لیے ہمیں 28مئی کے اس عظیم دن کو بڑی سادگی سے منانا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب نے مل کر پاکستان کی معشیت کو ٹھیک کرنے کے لیے میدان عمل میں نکلنا ہو گا اور جس طرح سے ہم نے پاکستان کو اک جوہری طاقت بنایا، اس طرح ہم پاکستان کو معیشت کو جوہری معیشت بنائیں، یہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ انہوں نے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان دنوں ہمیں قطعاً سیاست نہیں کرنی لیکن حقائق سے ہم جان نہیں چھڑا سکتے۔ان کا کہنا تھا نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے شرح نمو 5.8فیصد تک چھوڑی تھی، آج کورونا سے پہلے 1.9فیصد پر رہ گئی اور اس دوران تمام عرصے میں حکومت نے خوب شور مچایا کہ شرح نمو 3.9فیصد ہے لیکن یہ سراسر غلط نکلا اور ان ہی کے اداروں نے کہا کہ جی ڈی پی 1.9فیصد ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس ناقص حکمت عملی کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہو گئے، زرعی معیشت تباہ ہو گئی، صنعتی معیشت تباہ ہو گئی، ٹڈی نے سندھ، پنجاب میں تباہی مچائی ہوئی ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ ہمارا دفاع انتہائی مضبوط ہے لیکن دفاع اور معیشت کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور اگر ہم اپنی معیشت کو مضبوط کر لیں گے تو کوئی ہمارا بال بھی بیکا نہیں کرسکے گا۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ ہماری موجودہ حکومت کے سربراہ بہت کنفیوز ہیں، انہیں نہ معیشت کا پتہ ہے، نہ سفارتکاری کا پتہ ہے، چاہے کورونا ہو اس میں کس طرح سے کنفیوژن پھیلائی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری مشعیت کورونا کے آنے سے پہلے دم توڑ رہی تھی اور کورونا کے بعد رہی صحیح کسر بھی پوری ہو گئی لیکن یہ قائدانہ صلاحیت کی کمی ہے، یہ قوم کو اکٹھا کرنے کا نادر موقع تھا لیکن وزیر اعظم نے اسے گنوا دیا۔
لاہور میں منعقد اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئےن لیگ کے رہنما سعد رفیق نے کہا حکمرانوں کے چلن ملک چلانے والے نہیں، ملک میں جمہوریت نہ ہو تو ایٹم بم بھی کام نہیں آتا۔احسن اقبال نے کہا کہ قومی اداروں کی صلاحیت بدترین سطح پر آگئی ہے، معیشت تباہ ہو جائے تو باقی کیا بچتا ہے. سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک کی ایٹمی صلاحیت مضبوط معیشت کی ضامن نہیں ہے۔
واضح رہے کہ 22 برس قبل 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا تھا۔ان ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی 7ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو ‘یوم تکبیر’ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button