نواز شریف کی جعلی کرونا ویکسی نیشن سازش کی مریم نواز ذمہ دار قرار

معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی جعلی کرونا ویکسی نیشن کی سازش کا ذمہ دار مریم نواز کو قرار دے دیا ہے ۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی  برائے سیاسی امور شہباز گل نے لاہور گورنر ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  لندن میں موجود مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف  کا لاہور میں جعلی کرونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بننا ملک کیخلاف بڑی  سازش ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی  برائے سیاسی امور شہباز گل نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور ایم پی ایز عمران نذیر اور چوہدری شہباز نے مل کر یہ سازش تیار کی، نوید نامی شخص کو مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے یہ ذمہ داری دی، کرونا ڈیٹا بیس کو بدنام کرنے کیلئے جعلی سرٹیفکیٹ کا ڈرامہ رچایا گیا، سیاست میں گندی سوچ والوں نے ملک کے مستقبل کے بارے میں نہیں سوچا، ملکی سلامتی کےخلاف سازش کرنے والوں کو جواب دینا پڑے گا۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی  برائے سیاسی امور شہباز گل نےکہا کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے براہ راست پاکستان کے وقار پر حملہ کیا ہے، ملزم عادل رفیق ہسپتال میں ملازم ہے جسے ایم پی اے چوہدری شہباز نے 2015 میں ہسپتال میں بھرتی کروایا تھا، عادل رفیق مسلم لیگ ن کا کارکن ہے، ابو الحسن اور عادل رفیق تھانہ گجر پورہ میں زیر حراست ہیں اور ایف آئی اے ان سے تحقیقات کرے گی، جبکہ نوید کو بھی جلد جرمنی سے گرفتار کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی  برائے سیاسی امور شہباز گل کا کہنا تھا کہ جعلی ویکسینیشن کی خبر سب سے پہلے  مسلم لیگ ن  نے میڈیا کو دی ، اپنے دور میں بھرتی کئے گئے ملازمین کے ساتھ ملکر یہ سازش تیار کی گئی ، ڈیٹا انٹری آپریٹرابوالحسن کو 2017 میں ایم پی اے چوھدری شہباز نے بھرتی کرایا جو مسلم لیگ ن  کا کارکن ہے اور شادباغ کا رہنے والا ہے۔

نوید ملک سے فرار ہوگیا ہے اور اس کے پاس ہسپتال میں آئی ٹی کا ٹھیکا ہے، کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں ن لیگ خردبرد کرتی رہی ہے، شہبازشریف کے کیس میں کوئی کسی کو پہچانےکیلئےتیارنہیں، کرپشن کا کینسر اتنا پھیلا ہوا ہے کس کس کو نکالیں۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی کرونا ویکسین سرٹیفیکٹ کے کیس میں لاہور پولیس نے مقدمہ میں نامزد ملزمان عادل اور ابوالحسن کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف تھانہ گجر پورہ میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

Back to top button