آصف زرداری کی نااہلی کیلئے درخواست سماعت کیلئے منظور
سابق صدر مملکت اور پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی نااہلی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی گئی۔
چیف جسٹس جسٹس اطہر من اللہ پیر کے روز پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان اور عثمان ڈار کی سابق صدر آصف زرداری کو نااہل کرنے کے حوالے سے درخواست پر سماعت کریں گے۔ اس حوالے سے رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے کاز لسٹ جاری کر دی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں آصف زرداری کی بطور پارٹی سربراہ اور رکن قومی اسمبلی تاحیات نااہلی کی استدعا کی گئی ہے ، اثاثے چھپانے پر پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری صادق اور امین نہیں رہے اور رکن اسمبلی بننے کے اہل نہیں، آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو نااہل قرار دیا جائے۔
