نیلم منیر کی فلم ’’بھوت بکرا‘‘ عید پر ریلیز کیلئے تیار

عیدالاضحیٰ پر فلم بینوں کو سینمائوں میں کافی وارئٹی دیکھنے کو ملے گی، دیگر فلموں کے ساتھ اداکارہ نیلم منیر کی فلم ’’بھوت بکرا‘‘ کو بھی ریلیز کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ ‘بھوت بکرا’ کے نام سے عید پر ریلیز ہونے والی ٹیلی فلم میں مداحوں کو ڈر اور مزاح کا زبردست امتزاج دیکھنے کو ملے گا، نیلم منیر کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار سید جبران نے ٹیلی فلم کے بارے میں بتایا کہ یہ ایک مزاحیہ ٹیلی فلم ہے، اس لیے اس میں کوئی منطق نہیں ہے۔
ان کے مطابق اس ٹیلی فلم کی کہانی ایک بھوت، بکرے اور ایک خاندان کے گرد گھومتی ہے، ایک باپ کا بیٹے سے تعلق بھی خوبصورت انداز میں دکھایا گیا ہے، ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ ایک مکمل گھریلو فلم ہے۔ اداکار جبران کے مطابق میں ہمیشہ عید پر ناظرین کو تفریح فراہم کرنے آتا ہوں، چھوٹی عید پر میری فیچر فلم آئی تھی اور بڑی عید پر ٹیلی فلم آ رہی ہے، میں خوش ہوں کہ میرے پاس ہر عید پر لوگوں کو دینے کے لیے کچھ نہ کچھ ہوتا ہے۔ جبران نے کہا کہ بھوت بکرا نامی اس ٹیلی فلم کی کہانی ذرا مختلف ہے، اگرچہ اس میں مافوق الفطرت کا عنصر پایا جاتا ہے لیکن یہ ٹیلی فلم ڈراؤنی سے زیادہ مزاخیہ ہے، اس کا نام ‘بھوت بکرا’ ہے کیونکہ اس اس میں بھوت بھی شامل ہیں لیکن یہ خالصتاً کامیڈی فلم ہے، دراصل یہی فرق ہے۔
سید جبران کے مطابق نیلم منیر کے ساتھ دوبارہ کام کرنا ہمیشہ کی طرح دلچسپ رہا جو فلم میں انکی اہلیہ کا کردار ادا کر رہی ہیں، انہوں نے بتایا کہ کہانی کے مطابق ہم کئی برس بعد پاکستان واپس اپنے پرانے گھر آتے ہیں جہاں ہمیں بھوت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، دراصل فلم کی کہانی ایک روح اور ایک بکری کے گرد گھومتی ہے، یہ ایک بہت مختلف تصور ہے اور بہت دلچسپ ہے۔ اداکار کے مطابق ہمیں لوگوں کو مزاح کی جانب لانا ہوگا، ہم ٹیلی ویژن کے ذریعے اچھی ٹیلی فلمیں بنا کر ایسا کر سکتے ہیں کیونکہ جب وہی لوگ فلمیں بنائیں گے تو دیکھنے والے کہیں گے کہ ان کا ٹی وی پر کام اچھا تھا اس لیے وہ فلموں میں بھی کچھ اچھا دکھائیں گے، ہمیں ہر ایک کے لیے تفریح فراہم کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا ہمیں غیر ضروری طور پر امریکی فلم ڈائریکٹر اسٹیون اسپیلبرگ بننے کی ضرورت نہیں۔
فلم بارے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نیلم منیر نے بتایا کہ میں ایک منفرد پروجیکٹ کے لیے کام کرنے کا موقع ملنے پر بہت خوش ہوں، تب بہت اچھا لگتا ہے جب آپ سنجیدہ کام سے وقفہ لیتے ہیں اور کسی ایسی چیز پر کام کرتے ہیں جس میں تناؤ کم اور تفریح زیادہ ہو، انکا کہنا تھا کہ اس ٹیلی فلم میں ڈائیلاگز کے علاوہ مناظر بھی واقعی شاندار ہیں اس لیے مجھے کام کرنے میں بہت مزہ آیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ میں اپنے کرداروں کا انتخاب سوچ سمجھ کر کرتی ہوں، میں اسکرپٹ کو دیکھنے کے بعد اپنے کرداروں کا انتخاب کرتی ہوں تاکہ یہ فیصلہ کرسکوں کہ یہ میرے مطابق ہے یا نہیں، انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ ٹیلی فلم ‘بھوت بکرا’ کسی فلم سے کم نہیں ہے، اسے شاندار انداز میں فلمایا گیا ہے۔
نیلم منیر کے مطابق انہیں سید جبران کے ساتھ کام کرنا اچھا لگا، پچھلے ڈرامے میں ہمارے کردار کافی متضاد تھے اس لیے جب بھی ہم ملتے تو غصہ اور جھڑپیں ہوتی تھیں، آپ کے کام کے لیے یہ بہت ضرروی ہے کہ آپ کا کام معاشرے میں رائج چیزوں سے ہم آہنگ ہو، میں طویل عرصے سے کام کررہی ہوں اور میرے مداحوں کی ایک بڑی تعداد ہے جو مجھ پر یقین رکھتی ہے اور میں اپنی آنے والی فلم میں بھی انکے اعتماد پر پورا اتروں گی۔
