نیپال میں 5.7 شدت کا زلزلہ،128افراد ہلاک،سینکڑوں زخمی

مغربی نیپال کے علاقے جاجرکوٹ میں 5.7 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 128 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے جبکہ متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر ہو گئیں۔
زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ نیپال میں 5.7 شدت کے زلزلے کا مرکز کھٹمنڈو سے 250 میل شمال مشرق میں واقع تھا، جس کی گہرائی 11 میل ریکارڈ کی گئی۔ ابتدائی طور پر نیپالی زلزلہ پیما مرکز نے زلزلے کی شدت 6.4 بتائی تھی تاہم جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز نے شدت 5.7 بتائی جبکہ امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں، کئی عمارتوں اور انفرااسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، ملبے میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔حکام نے کئی لوگوں کے ملبے تلے پھنسے ہونے کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئےہلاکتوں میں اضافے کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔نیپال میں آنے والے زلزلے کے جھٹکے بھارت میں دہلی سمیت دیگر علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
خیال رہے کہ نیپال میں 2015 میں 7.8 شدت کے زلزلے میں 9000 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

Back to top button