ن لیگ ارکان فاروڈ بلاک بنانے کیلئے رابطے میں ہیں

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ کے 50 ارکان فاروڈ بلاک بنانے کےلیے ہمارے رابطے میں ہیں۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے 20 ممبران اسمبلی کہیں نہیں جارہے، البتہ ن لیگ کے ارکان فاروڈ بلاک بنانے کےلیے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں تمام ارکان اسمبلی نے ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ جس سے پی ٹی آئی کے 20 ارکان اسمبلی کے فارورڈ بلاک کی خبریں دم توڑ گئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ن لیگ کے 50 سے زائد ارکان پی ٹی آئی سے مستقل رابطے میں ہیں۔
واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے ارکان قومی اسمبلی سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو جلد ولیج کونسل کی سطح پربلدیاتی انتخابات کروانے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ ولیج کونسل کے الیکشن کی تیاری کرکے اعلان کیا جائے۔
نچلی سطح پر انتخابات ہی عوامی مسائل کا حل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ عثمان بزدار مکمل بااختیار وزیراعلیٰ ہیں۔ یہ ایک منفی پراپیگنڈا ہے کہ عثمان بزدارکے پاس اختیار نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پربھرپوراعتماد ہے۔ پنجاب میں بہترین انتظامی ٹیم لے کر آئے ہیں۔ انتظامیہ اور منتخب نمائندوں میں ہم آہنگی اور بہتر گورننس کےلیے مربوط حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے۔
چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نئے ہیں یہ وزیراعلیٰ کی ٹیم کے طور پر کام کریں گے۔ خیبرپختونخوا میں عوام نے صحت، مقامی حکومتوں اور پولیس نظام پر ہماری پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کو عوام کو حقائق بتانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بتایا جائے کہ سابقہ حکومتوں نے ملک کو کیسے معاشی طور پر تباہ کیا۔
ملک میں مہنگائی سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ 2019ء معیشت کو سنبھالنے اور استحکام کا سال تھا، اور اب 2020ء ان شاءاللہ ترقی کا سال ہوگا۔ مزید برآں پنجاب میں ناراض ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں واضع کر دینا چاہتا ہوں کہ کسی بھی صورت دباؤ میں نہیں آئیں گے، ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے، پنجاب میں پہلی دفعہ جرائم پیشہ عناصر اور قبضہ مافیا قانون کی گرفت میں آئے۔ ترقی کاموں کے حوالے سے کسی علاقے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا، ارکان اسمبلی اپنے حلقوں سے قریبی رابطہ رکھیں۔ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button