ورلڈ کپ مقابلوں کے دوران پاکستانی ٹیم کتنی مرتبہ کامیاب ہوئی؟

پاکستانی کرکٹ ٹیم رواں ماہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے 13ویں ایڈیشن میں حصہ لے رہی ہے، قومی ٹیم کی اب تک 12 میگا ایونٹس کے دوران خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکی ہے۔پاکستان کی ٹیم گزشتہ دو ایڈیشنز میں صرف گروپ میچز کے مرحلے تک ہی محدود رہی تھی، آئی سی سی ورلڈ کپ کے تمام 12 ٹورنامنٹ میں جو گزشتہ 48 برسوں میں مختلف ممالک میں کھیلے گئے، پاکستان صرف ایک مرتبہ عالمی چیمپئن بنا جبکہ ایک بار رنرز اپ رہا۔ پاکستان کی ٹیم بھارت کی سرزمین پر 7 سال بعد کرکٹ کھیل رہی ہے۔ اس کے بعد ان دونوں نے دیگر ممالک میں تو ایک دوسرے کےخلاف میچز کھیلے مگر ایک دوسرے کی سرزمین پر کسی بھی فارمیٹ میں یہ دونوں آمنے سامنے نہیں آئے۔اب تک ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ ورلڈ کپ کے 12 ایڈیشنز میں کُل 20 ٹیموں نے حصہ لیا اور ان میں سے 17 ٹیموں کے خلاف پاکستان کھیل چکا ہے۔ صرف دو ٹیموں، برمودا اور ایسٹ افریقہ کے خلاف اس نے ورلڈ کپ کا کوئی بھی میچ نہیں کھیلا۔ عالمی کپ میں پاکستان نے مجموعی طور پر 79 ون ڈے انٹرنیشنلز کھیلے ہیں۔ ان میں سے 45 میں فتح حاصل کی اور 32 میں شکست ہوئی جبکہ دو میچ بے نتیجہ رہے۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کی کامیابی کا تناسب 58.44 فیصد ہے۔پاکستان کا ایک اننگز میں سب سے زیادہ اسکور 349 رنز ہے جو اس نے زمبابوے کے خلاف 49.5 اوورز میں کیا۔ یہ میچ 21 مارچ 2007ء کو کنگسٹن، جمیکا میں کھیلا گیا تھا تاہم ایک اننگز میں پاکستان کا کم ترین اسکور 74 رنز ہے جو اس نے انگلینڈ کے خلاف یکم مارچ 1992ء کو ایڈیلیڈ میں بنایا تھا۔ورلڈ کپ میں رنز کے لحاظ سے پاکستان کی سب سے چھوٹی جیت 10 رنز سے تھی جو اس نے آسٹریلیا کے خلاف لیڈز میں 23 مئی 1999ء کو حاصل کی۔ وکٹوں کے لحاظ سے اس کی سب سے کم مارجن سے فتح صرف ایک وکٹ سے تھی جو اسے 16 اکتوبر 1987ء کو لاہور میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ملی۔پاکستان کی جانب سے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز جاوید میانداد ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر کے 21 سال کے دوران 6 ورلڈ کپ ایڈیشنز کھیل کر 33 ون ڈے انٹرنیشنلز میں 43.32 کی اوسط سے 1083 رنز سکور کیے۔ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز کی انفرادی اننگز کھیلنے والے بلے باز عمران نذیر ہیں جنہوں نے 21 مارچ 2007ء کو کنگسٹن میں زمبابوے کے خلاف 160 رنز بنائے۔ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی ہیں جنہوں نے 27 میچ میں 12 چھکے لگائے جبکہ ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے پاکستانی عمران نذیر ہیں جنہوں نے اپنی 160 رنز کی اننگز کے دوران 8 چھکے لگائے تھے۔ورلڈ کپ کے کسی بھی ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بلے باز موجودہ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہیں جنہوں نے 2019ء میں انگلینڈ میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں 8 میچز میں 67.71 کی اوسط سے 474 رنز سکور کیے۔پاکستان کی جانب سے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر وسیم اکرم ہیں جنہوں نے 38 میچز کھیل کر 23.83 کی اوسط سے 55 وکٹیں حاصل کیں۔ورلڈ کپ میں وکٹوں کے پیچھے سے سب سے زیادہ شکار کرنے والے پاکستانی وکٹ کیپر معین خان ہیں جنہوں نے 20 میچز کھیل کر 30 شکار کیے۔ ان میں 23 کیچ اور 7 اسٹمپ شامل ہیں جبکہ اننگز میں سب سے زیادہ شکار کرنے والے وکٹ کیپر سرفراز احمد ہیں جنہوں نے 7 مارچ 2015ء کو آکلینڈ میں جنوبی افریقہ کے 6 کھلاڑیوں کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کیا۔ یوں انہوں نے ورلڈ کپ کا ریکارڈ برابر کیا جوکہ آسٹریلیا کے ایڈم گلکرسٹ نے 27 فروری 2003ء کو پوچسفٹروم میں نمیبیا کے خلاف قائم کیا تھا۔پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی وسیم اکرم ہیں جنہوں نے 1987ء سے 2003ء تک ورلڈ کپ کے پانچ ایڈیشنز میں شرکت کی اور 38 میچ کھیلے۔آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کی رینکنگ کے مطابق 8 بڑے ممالک بشمول میزبان ملک بھارت ورلڈ کپ 2023ء میں براہِ راست شرکت کر رہے ہیں، پہلے مرحلے میں ان 10 ٹیموں میں سے ہر ایک ٹیم دیگر 9 ٹیموں کے ساتھ ایک، ایک میچ کھیلے گی اور پھر پوائنٹس ٹیبل پر سرِفہرست آنے والی چار ٹیمیں سیمی فائنل میں جائیں گی اور ان میں کامیاب ہونے والی دو ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا، جیتنے والی ٹیم کے سر پر 13ویں ورلڈ کپ کی چیمپئن شپ کا تاج سجے گا۔

Back to top button