وزارت داخلہ نےغیرملکیوں کے ویزوں میں 15 روزہ توسیع کردی

وفاقی وزارت داخلہ نے ان غیرملکی شہریوں کے ویزوں میں 15 روزہ رعایتی توسیع کردی جن کے ویزوں کی معیاد 15 مارچ 2020 کو ختم ہوچکی تھی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ‘متعلقہ اتھارٹی نے ان غیرملکی شہریوں کے ویزوں میں مزید 15 دن کی رعایتی توسیع کردی’۔نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ توسیع ان تمام غیرملکیوں کے لیے ہے جو 15 مارچ 2020 کو ویزے کی معیاد ختم ہونے کے بعد ملک میں موجود ہیں۔وزارت داخلہ نے کہا کہ ’15 روزہ رعایتی توسیع کا آغاز یکم ستمبر سے ہوگا اور تمام نئے درخواست گزاروں کو 16 ستمبر کے بعد حکومت پاکستان کے مقرر کردہ جرمانے ادا کرنے ہوں گے’۔
واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے رواں برس مارچ میں کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے پاکستان میں موجود تمام غیر ملکی افراد کے ویزے میں توسیع کا اعلان کردیا تھا۔وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ لوگوں کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے جبکہ احکامات اور تفصیلات نادرا کی ویب سائٹ پر بھی میسر کردی جائیں گی۔بیان میں کہا گیا تھا کہ امید ہے کہ تمام متعلقہ افراد کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہوگا۔
گزشتہ روز وزارت داخلہ نے امریکی بلاگر سنتھیا رچی کی ویزا میں توسیع کی درخواست مسترد کردی تھی اور انہیں 15 روز میں پاکستان چھوڑنے کے احکامات جاری کردیے تھے. سنتھیا رچی نے خود بھی سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں مذکورہ خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ‘وزارت داخلہ، جنہوں نے شاید دباؤ میں آکر جو وہ خود ہی بہتر جانتے ہیں، گزشتہ 10 سال میں پہلی مرتبہ میرے ویزا میں توسیع کو مسترد کردیا’۔انہوں ںے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ان کی درخواست کو دیکھیں اور میرٹ پر فیصلہ کرتے ہوئے ویزا میں توسیع کریں۔
