وزیراعظم اور آرمی چیف کی پشاور دھماکے کے زخمیوں کی عیادت

وزیراعظم شہباز شریف اورآرمی چیف جنرل عاصم منیر پشاور میں پولیس لائنز کے قریب میں مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے بعد پشاور پہنچے اور ہسپتال کا ہنگامی دورہ کیا جہاں انہیں بریفنگ دی گئی۔
حکومت پاکستان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف آج ہنگامی دورے پر پشاور پہنچے جہاں کور کمانڈر پشاور نے دہشت گردی کے عوامل اور محرکات کے حوالے سے انہیں بریفنگ دیانسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا(آئی جی) نے پولیس لائنز میں ہونے والے خود کش حملے پر ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی اور اس موقع پر وزیراعظم کو خود کش حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج دکھائی گئی۔
قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف پیر کو ہنگامی دورے پر پشاور پہنچے جہاں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے، اس کے علاوہ وزیردفاع خواجہ محمد آصف اور وزیراطلاعات مریم اورنگزیب بھی ساتھ تھیں، وزیراعظم کو پولیس لائنز میں خود کش حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دکھائی گئی، شرکا نے پولیس لائنز حملے میں شہید ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
سرکاری خبرایجنسی کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور انجینئر امیر مقام، خیبرپختونخوا کے آئی جی پی معظم جاہ انصاری اور دیگر صوبائی حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے ایل آر ایچ کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
دریں اثنا وفاقی وزیر اطلاعات اور نشریات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف پشاور پہنچ گئے ہیں، پشاور کے افسوس ناک واقعہ کے بعد ہنگامی اجلاس اور تمام متعلقہ اداروں کے حکام کو طلب کر لیا ہے،امن وامان سے متعلق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس دہشت گردی کے آج کے واقعے کے محرکات پر غور کرے گا،جلاس میں واقعے پر ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش ہو گی‘۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا تو ان کے ساتھ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
