الیکشن کمیشن ق لیگ کی صدارت کا فیصلہ کل سنائے گا

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے چوہدری شجاعت حسین کے مسلم لیگ (ق) کے صدر ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ کل (بروز منگل) کو سنایا جائے گا۔

ای سی پی چوہدری شجاعت کی درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ سنائے گا۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ برس اگست میں فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ چوہدری شجاعت نے پارٹی صدارت سے ہٹانے کے خلاف الیکشن کمیشن کو درخواست دی تھی۔ الیکشن کمیشن نے حکم امتناع پر چوہدری شجاعت حسین کو بحال کیا تھا۔

واضح رہے کہ چوہدری پرویز الٰہی نے پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت سے ہٹاکر چوہدری وجاہت حسین کو پارٹی صدر اور کامل علی آغا کو سیکرٹری جنرل بنا دیا ہے۔ مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر باؤ رضوان کے مطابق ہم نے پنجاب میں پارٹی الیکشن کرائے ہیں جس میں چوہدری شجاعت حسین اب پارٹی کے مرکزی صدر نہیں رہے اورنہ طارق بشیرچیمہ جنرل سیکریٹری رہے ہیں۔

دوسری جانب گذشتہ دنوں 20 جنوری کوچوہدری شجاعت حسین نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی پارٹی رکنیت معطل کرکے انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔ساتھ ہی ساتھ طارق بشیر چیمہ نے مونس الٰہی، حسین الٰہی اور سینیٹر کامل علی آغا کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے تھے۔

Back to top button