دپیکا کے جسم کی نمائش کا پٹھان کی کامیابی میں کتنا ہاتھ ہے؟

پچیس جنوری کو شاہ رخ خان کی فلم پٹھان دنیا بھر کی لگ بھگ آٹھ سو سکرینز پر کیا ریلیز ہوئی کہ  پہلے ہی دن سو کروڑ سے زائد کمائی کا ریکارڈ بنا ڈالا۔ ویسے تو فلم کو باکس آفس ہٹ بنانے کے لئے بالی ووڈ کے کنگ خان یعنی شاہ رخ خان کا نام ہی کافی تھا لیکن کیا فلم میں پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کی سابق ایجنٹ کا کردار نبھانے والی دپیکا پڈوکون کے جسم کی نمائش بھی شائقین کو سنیما گھروں میں لانے کا باعث بنی ہے؟ اور کیا اسی لئے لوگ کنگ خان کے ساتھ ساتھ دپیکا کی ”بکنیز“ کا چرچا کرنا نہیں بھولتے۔ خاص طور پر فلم کے سپر ہٹ گانے ”بے شرم رنگ“ میں دپیکا نے جو گیروے رنگ کی بکنی پہنی تھی اس نے انڈیا کے انتہا پسند ہندوؤں کو تو فلم کی ریلیز سے پہلے ہی سیخ پا کر دیا تھا۔ ان کا خیال تھا کہ یہ رنگ انڈیا میں زیادہ تر سادھو اور سنت پہنتے ہیں جسے پہنے دپیکا قریب قریب برہنہ ہی دکھائی دے رہی ہیں۔ جبکہ کچھ تنقید نگار یہ چہ مگوئیاں بھی کرتے نظر آتے ہیں کہ پاکستانی ایجنسی آئی ایس آئی کی سابق ایجنٹ کو اس قدر برہنہ کیوں پینٹ کیا گیا ہے؟ فلم میں دپیکا کو پہنائے گئے بیشتر ڈریسز  کے کٹس ایسے ہی ہیں کہ جن میں ان کا جسم نہیں سما پا رہا۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ سینتیس سالہ دپیکا انڈیا کی انتہائی حسین اور بولڈ اداکارہ ہیں جنھیں پوری دنیا میں ہاتھوں ہاتھ لیا جاتا ہے۔ وہ مہنگے ترین برانڈز کی ماڈلنگ ہو، دنیا کی بااثر ترین شخصیات کی فہرست ہو یا حال ہی میں قطر میں ہونے والا فٹ بال ورلڈ کپ۔دپیکا ہر جگہ پہلی چوائس ہوتی ہے۔ شاہ رخ خان ہی کے ساتھ 2007 میں ”اوم شانتی اوم“ سے ڈیبیو کرنے والی دپیکا میرڈ ہے، بالی ووڈ کے سپر ہیرو رنویر سنگھ سے یہ شادی 2018 میں ہوئی تھی۔ انڈیا کے مشہور ڈائریکٹر سدھارتھ آنند کی اس ”کرائم تھرلر“ فلم میں  پٹھان، روبئی اور جم کے بنیادی کردار شاہ رخ خان، دپیکا پڈوکون اور جان ابراہم نے نبھائے ہیں جبکہ ٹائیگر کے روپ میں سلمان خان کے ”کیمیو“ نے بھی فلم کو اٹھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

جہاں تک پٹھان کی کہانی کا تعلق ہے تو اس میں جموں اور کشمیر کو لے کر انڈیا  اور پاکستان کے بیچ کئی دہائیوں سے جاری کشمکش کی پرچھائیں بھی دکھائی دیتی ہے، جس میں انڈین خفیہ ایجنسی را اور پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی   کا کردار بڑا واضح ہے۔ اگرچہ یش راج فلمز اپنے بجٹ کا چرچا نہیں کرتے لیکن کہتے ہیں کہ پٹھان دو سو پچاس کروڑ کی لاگت سے تیار کی گئی ہے۔ فلم سکرین پر شاہ رخ خان کی واپسی تقریباً چار سال بعد تو ضرور ہوئی ہے لیکن اس نے اپنے فینز کو مایوس نہیں کیا۔ فلم میں چونکہ ایکشن، سٹنٹس، فائیٹ اور جدید سینماٹوگرافی سمیت بارہ مصالحے بھی موجود ہیں تو شائقین کی نظریں سکرین پر جمی رہتی ہیں اور دوسری طرف انڈین فلم میکرز کی نظریں اس انتظار میں ہیں کہ پٹھان بالی ووڈ انڈسٹری میں کون کون سے نئے ریکارڈبنانےوالی ہے

Back to top button