وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کابل پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کابل پہنچ گئے جہاں وہ افغان قیادت سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور افغان امن عمل پر بات چیت کریں گے۔
وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورہ افغانستان کے دوران عمران خان، افغان صدر اشرف غنی اور اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات بھی کریں گے جبکہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس بھی متوقع ہے۔اس حوالے سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، افغانستان کے لیے خصوصی نمائندے محمد صادق اور سینئر حکام موجود ہیں۔افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچنے پر ایئرپورٹ پر وزیراعظم اور ان کے وفد کا استقبال افغان وزیر خارجہ محمد حنیف اتمر اور پاکستان کے لیے افغان صدر کے خصوصی نمائندے محمد عمر داؤد زئی اور سینئر حکام نے کیا۔اس موقع پر افغانستان کے لیے پاکستانی سفیر منصور احمد خان اور سفارتخانے کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔بعد ازاں وزیراعظم کابل میں افغان صدارتی محل پہنچے جہاں افغان صدر اشرف غنی نے ان کا استقبال کیا جبکہ ان کے اعزاز میں ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔اس استقبالیہ تقریب میں وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے اپنے وفود کا تعارف کروایا۔ادھر سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی نے بتایا تھا کہ وزیراعظم کی ملاقاتوں اور بات چیت کے دوران پاکستان اور افغانستان کے مابین دوطرفہ تعلقات، افغان امن عمل اور علاقائی معاشی ترقی اور رابطوں کو مزید مستحکم کرنے سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔قبل ازیں افغان صدر اشرف غنی نے آخری مرتبہ جون 2019 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، اس سے پہلے دونوں رہنماؤں نے مئی 2019 میں مکہ مکرمہ میں 14 ویں او آئی سی سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی تھی، مزید یہ ستمبر 2020 میں وزیر اعظم نے افغان صدر اشرف غنی سے ٹیلیفونک گفتگو بھی کی تھی۔وزیر اعظم کے دورہ کا مقصد دونوں ملکوں کے مابین متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے، اس تناظر میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حال ہی میں اپنے افغان ہم منصب سے ملاقات کی تھی جبکہ حال ہی میں افغانستان سے چیئرمین برائے قومی مفاہمت ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ ، اسپیکر افغان وولیسی جرگہ رحمٰن رحمانی اور وزیر تجارت نثار پاکستان کے اہم دورے پر آئے تھے۔علاوہ ازیں یہ بھی واضح رہے کہ رواں برس جون میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان صدر اشرف غنی اور امن کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ سے افغانستان میں ون آن ون ملاقاتوں میں خطے کی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button