وزیراعظم نے اتحادیوں کا اجلاس کل طلب کرلیا

وزیر اعظم شہباز شریف نے فوری الیکشن اورسخت معاشی فیصلوں پر مشاورت کیلئے حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کا اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی سربراہی میں اتحادی جماعتوں کا اجلاس کل ہوگا جس میں موجودہ سیاسی صورت حال پر مشاورت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں دوآپشن رکھےجائیں گے، یا تو فوری الیکشن کرائےجائیں یاسخت فیصلےکیے جائیں، تمام اتحادی جماعتوں سے ان دو آپشنز پر رائے لی جائےگی۔
ذرائع کا کہنا تھا وزیر اعظم شہباز شریف نے لندن میں ہوئے فیصلوں سے متعلق اتحادیوں کو اعتماد میں لینا شروع کردیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف آج آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔آصف زرداری سےملاقات میں موجودہ سیاسی بحران سے نکلنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ شہباز شریف نے لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ہونے والی ملاقات سے متعلق آصف علی زرداری کو اعتماد میں لیا۔
وزیراعظم سے جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورتحال سمیت آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وزیراعظم نے مولانا کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ تمام فیصلے اتحادیوں کی مشاورت سے کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہبازشریف کی قیادت میں (ن) لیگ کے وفد نے لندن میں تین روز تک سابق وزیراعظم میاں نوازشریف سے مشاورت کی تھی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف برطانیہ اور یواے ای کا دورہ مکمل کرکے گزشتہ روز وطن واپس پہنچے ہیں۔
