کراچی میں دھماکہ: ایک خاتون جاں بحق ، متعدد زخمی

کراچی کے علاقے کھارادر میں ایم اے جناح روڈ پر میمن مسجد کے قریب ہونیوالے بم دھماکے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ12افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کراچی کے بولٹن مارکیٹ کے قریب کاغذی بازار میں دھماکا ہوا ،ایک موٹر سائیکل سوار نے اپنی موٹر سائیکل سے پولیس وین کو ٹکر مار دی، جس سے زوردار دھماکہ ہوگیا اور آگ لگ گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں موقع پرموجود متعدد موٹر سائیکلز کو نقصان پہنچا۔سکیورٹی اہلکاروں نے دھماکے کی جگہ کو حصار میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق بم موٹر سائیکل میں نصب تھا،دھماکہ میں 2 کلو باردوی مواد اور بال بیرنگ کا بھی استعمال کیا گیا ۔ حکام نے بتایا کہ زخمیوں کو قریبی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔

کراچی کے ایڈمنسٹریٹر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ دھماکے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق خاتون کی شناخت ثانیہ خالد کے نام سے ہوئی ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے، ڈاکٹروں کے مطابق چار زخمیوں کی حالت نازک ہے، تین زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ادھروزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کھارادر میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس کو فون کرکے فوری تفیصلی رپورٹ مانگ طلب کی ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن حکام کو فوری طور پر واقعہ کی جگہ پہنچ کر عوام کی مدد کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق مراد علی شاہ نے فوری طور سول اسپتال میں ایمرجنسی ڈکلئر کردی ہے اور ضلع انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کوشش کرے کہ جانی نقصان نہ ہو پائے۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے ایک ٹی وی سے گفتگو میں کہایہ افسوسناک واقعہ ہے، پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکے کی جگہ پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نےہسپتال حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہاخدانخواستہ اگر یہ دہشت گردانہ حملہ ہے تو حکومت سخت کارروائی کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہم دہشت گردوں کو چھوڑیں گے نہیں، دہشت گردوں کا تعلق کسی بھی تنظیم سے ہو، ہم ان کے خلاف سخت کارروائی کریں گے، وزیر اعلیٰ سندھ نے ہسپتالوں کو ہدایت کی ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو بہترین علاج فراہم کیا جائے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بولٹن مارکیٹ کے قریب ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے خاتون سمیت 12 زخمی افراد اور ان کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کی ہے اور ملوث عناصر کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے وفاق کی جانب سے سندھ حکومت کو مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ تمام صوبے امن وامان کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کو یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی انتظامات میں بہتری لائیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے دھماکہ میں انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے. جبکہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے افسوس ناک واقعہ پررنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ سندھ اور چیف سیکرٹری سندھ سے رپورٹ طلب کر لی.

یاد رہے کہ حالیہ عرصے میں کراچی دہشتگردی کے نشانے پر ہے۔ حالیہ دنوں میں پہلا دھماکا کراچی یونیورسٹی کے اندر 26 اپریل کو ہوا تھا جس میں تین چینی شہریوں 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے،اس کے بعد 12 مئی کو کراچی کے علاقے صدر میں داؤد پوتہ روڈ پر دیسی ساختہ بم کا دھماکا ہوا تھا جس میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

Back to top button