وزیراعظم کی یو اے ای ہم منصب سے بھائی کی وفات پر تعزیت

وزیراعظم شہباز شریف نے حکام دبئی اور یو اے ای کے وزیراعظم شیخ محمد سے ان کے بھائی کی وفات پر اظہار تعزیت کیا،  حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ٹوئٹ میں بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات پہنچے جہاں پاکستان کے سفیر اور متحدہ عرب امارات کے سینئر عہدیدار نے ابوظبی میں ان کا استقبال کیا۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ’وزیرِ اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے مختصر دورے پر روانہ ہوئے ہیں جہاں وہ صدر محمد بن زاید النہیان سے ان کے بھائی شیخ سعید بن زاید النہیان کے انتقال پر حکومت پاکستان اور عوام کی طرف سے اظہار تعزیت کریں گے، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود ہیں۔

قبل ازیں متحدہ عرب مارات کے صدارتی کورٹ نے شیخ سعید کے انتقال کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ریاست بھر میں تین روزہ سوگ منایا جائے گا اور 27 جولائی سے 29 جولائی تک قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق شیخ سعید کو جمعرات کی دوپہر کو ابوظبی میں سپرد خاک کردیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ شیخ سعید 1965 میں العین میں پیدا ہوئے اور جون 2010 میں ابوظبی میں فرمانروا کے نمائندے مقرر ہوئے تھے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز اپنے تعزیتی بیان میں کہا تھا کہ شیخ سعید کے انتقال پر انتہائی افسوس ہے، انہوں نے شاہی خاندان اور متحدہ عرب امارات کے عوام سے تعزیت کی تھی۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ شیخ سعید کے انتقال پر انہیں انتہائی افسوس ہے اور شیخ محمد بن زائد النہیان کو پہنچنے والے بھائی کے غم پر ان کے ساتھ ہمدردی ہے۔

Back to top button