وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے مذاکراتی کمیٹی کو بھیجا گیا مسودہ جاری کردیا

سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ ڈرافٹ میں کوئی غیر آئینی یا غیر قانونی مطالبہ نہیں تھا، وفاق کی تحریری یقین دہانی پر پی ٹی آئی موجودہ لانگ مارچ منسوخ کرے گی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے مذاکراتی کمیٹی کو بھیجا گیا مسودہ جاری کردیا۔

سہیل آفریدی نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ڈرافٹ میں کوئی غیر آئینی اور غیر قانونی مطالبہ نہیں تھا۔ سیاسی استحکام، آئین و قانون کی بالادستی پر اتفاق کیا جائے اور جمہوری عمل کے تسلسل کے لیے کچھ امور پر اتفاق کیا جائے۔

سہیل آفریدی نے ڈرافٹ میں کہا کہ وزیراعظم اور دونوں ایوانوں میں قائدینِ حزب اختلاف کے درمیان باقاعدہ ملاقات کا اہتمام کیا جائے۔ ملاقات میں تمام اہم سیاسی، قومی، آئینی، قانونی اور جمہوری معاملات پر بات کی جائے اور زیرِ التوا امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم حکومتی اتحاد، پیپلز پارٹی اور اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ مذاکراتی کمیٹی بنادیں۔ جیل مینول اور مروجہ قوانین کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی کو حقوق دیے جائیں، جبکہ مروجہ قوانین کے مطابق قانونی، انسانی اور طبی حقوق بلاامتیاز فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ملاقاتوں کا انعقاد قانون اور جیل قواعد و ضوابط کے مطابق ہو اور ملاقات کی سہولت کو سیاسی یا دیگر مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔

سہیل آفریدی نے مطالبہ کیا کہ خواتین، بزرگ اور بیمار قیدیوں کے مقدمات میں غیر ضروری تاخیر ختم کی جائے۔ یاسمین راشد، بشریٰ بی بی سمیت سیاسی قیدی خواتین کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کیا جائے۔ تمام سیاسی اور قومی معاملات باہمی مشاورت اور مذاکرات سے حل کیے جائیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ سیاسی مذاکراتی کمیٹی ایک ماہ میں قابلِ عمل سفارشات پیش کرے۔ جمہوریت، سیاست، عدلیہ اور آزادی صحافت مکمل طور پر یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کی تحریری یقین دہانی پر پی ٹی آئی موجودہ لانگ مارچ منسوخ کرے گی۔

Back to top button