وزیر اعظم ہاؤس کے 4 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق

وزیر اعظم ہاؤس کے عملے کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جس کے 4 اراکین کے ٹیسٹ مثبت آنے کا انکشاف ہوا ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے عملے کے اراکین کے معمول کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4 ملازمین کے ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ عملے کے جن اراکین کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں انہیں قرنطینہ کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں تمام ہدایات اور ایس او پیز پر عمل کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ وزیر اعظم کے عملے کے ٹیسٹ معمول کے مطابق کیے گئے اور وزیراعظم آفس اور تمام دوسرے اہم دفاتر کے عملے کا باقاعدہ چیک اَپ کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چند ملازمین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جن کو پہلے ہی قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔شہباز گل نے واضح کیا کہ جن ملازمین کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں سے کوئی بھی براہ راست کسی بھی اہم شخصیت کے ساتھ منسلک یا رابطے میں نہیں تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر اعظم عمران خان کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو منفی آیا تھا۔وزیر اعظم نے ملک کی بڑی فلاحی تنظیم کے سربراہ فیصل ایدھی سے ملاقات کی تھی اور فیصل کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیر اعظم کا ٹیسٹ کرانے کی تجویز دی گئی تھی۔
اس سے قبل ملک کی اہم شخصیات اور قومی و صوبائی اسمبلی کے ملازمین اور اراکین بھی بڑی تعداد میں کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے دو بچوں کے ساتھ ساتھ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے تاہم حال ہی میں دونوں نے ٹیسٹ منفی آنے پر وائرس سے صحتیابی کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل وزیر تعلیم سندھ سعید غنی میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ کے بہنوئی سید مہدی شاہ کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گئے تھے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان بھی کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ متاثرہ افراد اور مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔وائرس کے سبب اب تک پاکستان میں تقریباً 40 ہزار افراد متاثر اور 866 ہلاک ہو چکے ہیں۔
