وزیر خارجہ ‘اہم ترین’ دو روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جمعرات کو چین پاکستان وزرائے خارجہ کے اسٹریٹجک مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کےلیے چین کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوگئے۔
روانگی سے قبل جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وہ ‘چین کے بہت اہم دورے پر جارہے ہیں’ اور روانگی سے قبل ان کی وزیر اعظم عمران خان سے بات چیت بھی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘میں چین کے ایک بہت اہم دورے پر جارہا ہوں، گزشتہ روز اس دورے کے سلسلے میں میں نے وزیر اعظم سے گفتگو بھی کی، میرا وفد ملک کی سیاسی اور فوجی قیادت کے موقف کی نمائندگی کرے گا’۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ‘مجھے امید ہے کہ وزیر خارجہ وانگ یی سے میری ملاقات دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی’۔
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی جن کے ساتھ وفد میں سینئر عہدیدار بھی شامل ہیں، چین کے صوبہ ہینان کا دورہ کریں گے جہاں وہ مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے اورآئندہ روز (21 اگست) کو وطن واپسی آئیں گے۔ بیان میں بتایا گیا کہ اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی مذاکرات کے دووران چین کے وفد کی قیادت کریں گے۔ دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ‘بات چیت کے دوران دونوں فریقین کورونا پر تعاون، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے’۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ دورہ پاک چین ‘آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ’ کو مزید مستحکم کرنے اور چین کے ساتھ متعدد امور پر اسٹریٹجک کمیونی کیشن اور ہم آہنگی کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا’۔
واضح رہے کہ پاک چین اسٹریٹیجک مذاکرات کا پہلا دور مارچ 2019 میں منعقد ہوا تھا جس میں دونوں فریقین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو ہر قسم کے خطرات سے بچانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button