وقار ذکا کا شاہ رخ کو پاکستان منتقل ہونے کا مشورہ


معروف ریئلٹی شوز میزبان وقار ذکا نے بھارت میں ہندوؤں کی نفرت کا شکار ہونے والے بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بھارت چھوڑ کر پاکستان منتقل ہوجائیں۔ وقار ذکا نے اپنی ٹوئٹ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی مینشن کیا اور شاہ رخ خان کو یاد دلایا کہ نریندر مودی کی حکومت ان کے خاندان کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے۔
وقار ذکا نے اپنی ٹوئٹ میں شاہ رخ خان کے خاندان کے ساتھ نریندر مودی حکومت کی ناانصافی کی وضاحت نہیں کی، تاہم انہوں نے ایک ایسے وقت میں ٹوئٹ کی ہے جب کہ بولی وڈ اداکار کے بیٹے 23 سالہ آریان خان منشیات استعمال کرنے اور رکھنے کے الزام میں تقریبا ایک ماہ سے گرفتار ہیں اور بھارت کی کوئی بھی عدالت ان کی ضمانت دینے کو تیار نہیں ہے۔

شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان تین اکتوبر سے جیل میں ہیں، انہیں انسداد منشیات فورس (نارکوٹکس فورس) نے منشیات استعمال کرنے کے الزام میں دیگر 8 ساتھیوں کے ہمراہ گرفتار کیا تھا۔آریان خان کی گرفتاری اور عدالت میں چلنے والی کارروائیوں کی وجہ سے ان کا کیس بھارت کا انتہائی ہائی پروفائل کیس بن چکا ہے اور مذکورہ معاملے پر سیاست دان بھی کود پڑے ہیں۔

کئی لوگ مسلمان اداکار کے بیٹے کی گرفتاری اور ان کے خلاف عدالتی کارروائیوں کو مسلمانوں کے خلاف کارروائیاں قرار دے رہے ہیں جب کہ بعض لوگ اس معاملے کو نارکوٹکس فورس کی بلاوجہ کی پھرتیاں قرار دے رہے ہیں حالانکہ شاہ رخ کے بیٹے سے کسی قسم کی کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی تھیں۔ دوسری جانب بھارتی جنتا پارٹی کے کئی سینیئر رہنماؤں نے شاہ رخ خان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلا رکھی ہے اور انہیں مسلمان ہونے کی وجہ سے نفرت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ایسے میں وقار ذکا کی جانب سے شاہ رخ خان کو بھارت چھوڑ کر پاکستان منتقل ہونے کے مشورے پر کئی لوگوں نے کمنٹس کیے ہیں۔ جہاں کچھ افراد نے ان کی رائے سے اتفاق کیا، وہیں بعض نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ دوسروں کے معاملے میں ٹانگ اڑانے سے بعض رہیں۔ بعض افراد نے کمنٹس کیے کہ شاہ رخ خان پاکستان آکر کیا کریں گے؟ یہاں کی فلم انڈسٹری کے اتنے اچھے حالات نہیں کہ انہیں فلموں میں کام ملے۔ بعض نے تو کہا کہ اگر وہ پاکستان آئے تو انہیں فلمیں ملنا تو دور کی بات، انہیں سارے پاکستان کے پروڈیوسرز مل کر بھی خرید نہیں سکتے، بعض نے کہا کہ شاہ رخ خان پاکستان نہیں آئے گا بلکہ کسی ترقی یافتہ ملک جائے گا۔ بعض افراد نے یاد دلایا کہ وقار ذکا سے قبل سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک بھی ماضی میں شاہ رخ خان کو پاکستان آنے کا مشورہ دے چکے ہیں، جس پر بولی وڈ اداکار معذرت کرکے اپنے ملک بھارت میں رہنے کی بات کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ رحمٰن ملک نے 2013 میں شاہ رخ خان کو تب پاکستان آنے کا مشورہ دیا تھا جب کہ بولی وڈ اداکار نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ بطور مسلمان وہ کبھی کبھار خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں۔ اسی طرح سماجی رہنما جلیلہ حیدر نے بھی وقار ذکا کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا تو کیا پاکستان میں سرمایہ داروں اور سیلبریٹز کے بچوں کو کوکین رکھنے کی اجازت ہے؟

Back to top button