پاستہ بنانے کی ویڈیو پر سرفراز عالیہ رشید پر برہم

قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو اپنی اہلیہ کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو پر خاتون صحافی عالیہ رشید کا تبصرہ برالگ گیا جس کے بعد انہوں نے اظہار برہمی کرتے ہوئے عالیہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے کام سے کام رکھا کریں اور ان کے معاملات میں ٹانگ نہ اڑائیں۔
یاد رہے کہ سرفراز احمد کی اہلیہ خوش بخت سرفراز نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں سابق کپتان اہنے کچن میں پاستہ بناتے ہوئے نظر آرہے تھے۔ خوش بخت سرفراز نے اپنی ٹوئٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ‘سرفراز کے ہمارے پاس ہونے کے فوائد’۔ ویڈیو میں سرفراز احمد کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ آج ‘شیف سرفراز کا پاستہ بنے گا، ہم اسے 15 سے 20 منٹس کے لیے اوون میں گرم کریں گے اور اس کے بعد ہمارا پاستہ تیار ہوجائے گا’۔
سرفراز احمد نے ویڈیو میں ‘مٹنز’ یعنی کچن گلوز پہنے ہوئے ہیں جو عام طور پر کھانا پکانے کے دوران ہاتھوں کو جلنے سے بچانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
ویڈیو کے آخر میں ان کی اہلیہ نے بتایا کہ ‘آپ نے مٹنز الٹے پہنے ہوئے ہیں’، جس پر سرفراز نے کہا کہ ’اٹس اوکے’۔
اوون میں پاستہ رکھتے ہوئے سرفراز احمد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوئی اور کرکٹرز شاداب خان اور حسن علی نے ٹوئٹ کے ذریعے مزاحیہ تبصرے بھی کیے۔ شاداب خان نے ٹوئٹ کی کہ ‘بھابھی آپ نے تو آتے ساتھ ہی ہمارے کپتان کو کام پر لگا دیا’۔ باؤلر حسن علی نے سوال کیا کہ ‘کیپٹن یہ والا ٹیلنٹ ہمیں بتایا ہی نہیں آپ نے؟’ بعدازاں شاداب خان نے مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے ایک اور ٹوئٹ کی اور کہا کہ ‘اگلی چائے کپتان سے بنوانی ہے’۔
تاہم معاملہ تب بگڑا جب خاتون صحافی عالیہ رشید نے شاداب خان کی ٹوئٹ پر جواب دیا اور کہا کہ ‘بھائی ہلکا ہاتھ رکھیں، پانی پلانے پر آسمان ٹوٹ پڑا تھا، اب چائے بنوائیں گے’۔ مگر سرفراز احمد کو عالیہ رشید کا یہ تبصرہ کچھ پسند نہ آیا، انہوں نے ٹوئٹ کی کہ ‘بات کیا ہورہی ہے اور آپ کیا بات کررہی ہیں’۔ سرفراز احمد نے مزید کہا کہ ‘پہلی بات آپ کو اس گفتگو میں شامل ہی نہیں ہونا چاہیے تھا، یہاں کرکٹ نہیں چل رہی، بہتر ہے آپ اپنی رائے کرکٹ تک ہی محدود رکھیں، پرسنل نہ ہوں اور اپنے کام سے کام رکھیں’۔ سرفراز کی ناراضی کے جواب میں عالیہ رشید نے کہا کہ وہ تو مذاق کررہی تھیں۔
خیال رہے کہ عالیہ رشید نے اپنی ٹوئٹ میں اس واقعے کا حوالہ دیا تھا جب 2020 میں پاکستان اور انگلینڈ کے میچ کے دوران سرفراز احمد پانی کی بوتلیں لے کر پچ پر موجود بلے بازوں کے پاس آئے تھے جس کی تصاویر وائرل ہوگئی تھیں اور شائقین کرکٹ نے کہا تھا کہ سرفراز کے ساتھ ایسا نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔ یاد رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ کسی کرکٹر نے کسی صحافی کے ‘مزاحیہ تبصرے ‘ پر تنقید کی ہو۔
ان سےقبل 2018 میں بابر اعظم، صحافی زینب عباس کی ٹوئٹ پر برہم ہوگئے تھے جس میں انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بابر اعظم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی تھی۔
