پاکستانیوں واپسی کےلیے جزوی فلائٹ آپریشن بحال

لاک ڈاؤن کے باعث مختلف ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپسی کےلیے وفاقی حکومت نے ملک کے 6 بڑے ائیر پورٹس کو کھول دیا ۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈویژن معید یوسف کا کہنا ہے کہ ان ائیرپورٹس کو 15 سے 18 اپریل تک بیرون ممالک پاکستانیوں کو لانے کےلیے کھولا گیا ہے جن پر صرف بین الاقوامی پروازیں آپریٹ ہوں گی۔
معید یوسف نے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کی اسکریننگ کی جائے گی، اور پھر انہیں ائیرپورٹ اور ملحقہ ہوٹلوں میں 48 گھنٹے کےلیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھولے گئے ائیرپورٹس میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، فیصل آباد اور ملتان کے ہوائی اڈے شامل ہیں۔
واضح رہے کہ قومی ائیر لائن (پی آئی اے) نے بیرون ملک میں پھنسے 1800 سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کےلیے پلان مرتب کیا ہے جس کے تحت قومی ائیرلائن کی مختلف پروزایں 19 اپریل تک مختلف ممالک سے پاکستانیوں کو واپس وطن لائیں گی۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر اندرون اور بیرون ملک فلائٹ آپریشنز معطل ہیں تاہم اب خصوصی پروازوں کے ذریعے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جا رہا ہے۔
