پاکستانی فلموں میں جلوہ افروز ہونیوالے بھارتی اداکار

پاکستانی فلم انڈسٹری نے قیام پاکستان سے اب تک کافی عروج دیکھا جبکہ کئی مرتبہ اسے زوال کا سامنا بھی کرنا پڑا، ایک وقت تھا کہ جب بھارتی فنکار بھی پاکستانی فلم انڈسٹری میں کام کو اعزاز سمجھتے تھے، بھارتی فنکاروں ونود کھنّہ، نصیرالدین شاہ، اُوم پوری، جونی لیور، گلشن گروورودیگر نے پاکستانی فلم انڈسٹری میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائے ہیں۔ ہندوستان کے صفِ اوّل کے اداکاروں نے پاکستان کے دورے بھی کیے۔ میاں نوازشریف کی حکومت ہی میں برِصغیر کے عظیم اداکار دلیپ کمار کو ’’نشانِ پاکستان‘‘ دیا گیا۔ سپر سٹار عامر خان، ریکھا، سیف علی خان، عمران ہاشمی، ممتاز، پروین بوبی، جاویداختر، شبانہ اعظمی اور مہیش بھٹ نے پاکستان کے کامیاب دورے کیے۔کئی بھارتی فنکاروں نے پاکستانی فلموں میں کام کیا، سپر سٹار نصیرالدین شاہ کو آرٹ فلموں میں زیادہ پسند کیا گیا، 2007ء میں جیو فلمز اور شعیب منصور کی سپر ہٹ فلم ’’ خدا کے لیے‘‘ میں ان کی لاجواب اداکاری نے دُھوم مچادی دی تھی۔ نصیرالدین شاہ نے بعد ازاں2013ء میں ایک اور پاکستانی فلم’’ زندہ بھاگ‘‘ میں بھی مرکزی کردارادا کیا۔ 2008ء میں ہدایت کارہ مہرین جبار نے فلم ’’رام چند پاکستانی‘‘ میں بالی وڈ کی منجھی ہوئی فنکارہ نندیتا داس کو لیڈ رول میں کاسٹ کیا۔ ’’رام چند پاکستانی‘‘ میں نندیتا داس کو عمدہ کردار نگاری پر کئی اہم ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ بھارتی اداکارہ ادیتی سنگھ کو ہدایت کار جاوید شیخ نے اپنی فلم ’’وجود‘‘ میں اداکار دانش تیمور کے مدّمقابل کاسٹ کیا، بعد ازاں ادیتی سنگھ نے ایک اور پاکستانی فلم میں کام کیا۔ فلم ’’وجود‘‘ میں اداکار ندیم، شاہد اور جاوید شیخ نے کافی عرصے بعد ایک ساتھ کام کیا۔ ادیتی سنگھ کی فلم ’’وجود‘‘2019ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ اوم پوری نے ہدایت کار نبیل قریشی کی سپرہٹ فلم ’’ایکٹر اِن لاء‘‘میں وکیل کا شان دار کردار نبھایا۔اس فلم کی شوٹنگ کراچی میں کی گئی تھی۔ بالی وڈ اداکار جونی لیور نے ریما خان کی پروڈیوس کی ہوئی فلم’’ لَومیں گم‘‘ میں کام کیا، اس فلم میں معمر رانا اور ریما خان نے لیڈ رولز کیے تھے۔اداکارہ نیہا دھوپیا نے ہدایت کار جاوید رضا کی فلم ’’کبھی پیار نہ کرنا‘‘ میں خصوصی آئٹم سونگ کیا تھا، یہ فلم 2008ء میں ریلیز ہوئی، مشہور فلم اکبر امر انتھونی، قربانی، چاندنی، ہیرا پھیری میں عمدہ کردار نگاری کرنے والے ونود کھنہ نے 2007ء میں پاکستانی فلم ’’گاڈ فادر‘‘ میں مرکزی کردار نبھایا، میکال ذوالفقار، شفقت چیمہ اور دیگر بھارتی اداکار بھی کاسٹ میں شامل تھے۔ ڈراما سیریل ’’کسوٹی زندگی کی‘‘ کے کردار پریرنا سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ شویتا تیواری نے 2014ء میں ہدایت کار فیصل بخاری کی فلم ’’سلطنت‘‘ میں بطور ہیروئن کام کیا۔ اس فلم میں احسن خان اور دیگر فن کاروں نے بھی کام کیا، بالی وڈ کے نام ور ولن ’’گلشن گروور نے گلوکار جواد احمد کی پروڈیوس کردہ فلم ’’ورثہ‘‘ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اس فلم میں شامل راحت فتح علی خان کی آواز میں فلمایا گیا گانا ’’میں تینوں سمجھاواں کی‘‘ نے بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔مزاحیہ فن کار انوپم کھیر کی اداکار بیوی کرن کھیر نے بھی پاکستانی فلم ’’خاموش پانی‘‘ میں لاجواب اداکاری کا مظاہرہ کرکے کئی ایوارڈ بھی اپنے نام کیے۔

Back to top button