ایران امریکہ معاہدے میں فیلڈ مارشل اور محسن نقوی کا کردار قابل ستائش ہے: شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایران امریکہ امن معاہدے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا کاردار قابل ستائش ہے۔ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں منعقد ہونے والی پہلی اعلیٰ سطحی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ اس حوالے سے جلد مزید اچھی خبریں ملیں گی۔
اپنے بیان میں وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئے، جن کے دوران حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی۔ فریقین نے 60 روز کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک جامع روڈ میپ پر اتفاق کیا، جبکہ سیاسی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام اور مزید تکنیکی مذاکرات شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
شہباز شریف نے امریکا اور ایران کی قیادت کو مذاکراتی عمل کے لیے ان کے مسلسل عزم پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے تمام دوست اور برادر ممالک کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس اہم سفارتی پیش رفت میں تعاون فراہم کیا۔انہوں نے خصوصی طور پر قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ برادر ملک نے مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے سوئس حکومت کی میزبانی اور سہولت کاری کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت، عزم اور ثابت قدمی نے مذاکراتی عمل کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزارت خارجہ کی ٹیم اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی سفارتی اور انتظامی کاوشوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات اس پیش رفت میں نہایت اہم رہیں۔شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مکالمے، سفارت کاری اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا مخلصانہ اور مثبت کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا۔
