جسٹس منیب اختر چیف جسٹس پاکستان بن گئے

سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منیب اختر نے قائم مقام چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ رجسٹری کراچی میں منعقد ہوئی، جہاں جسٹس محمد شفیع صدیقی نے ان سے حلف لیا۔ تقریب میں وفاقی آئینی عدالت اور سپریم کورٹ کے ججز سمیت دیگر اہم عدالتی شخصیات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جسٹس منیب اختر، چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی بیرونِ ملک مصروفیات کے دوران قائم مقام چیف جسٹس کے فرائض انجام دیں گے۔ وہ چیف جسٹس کی وطن واپسی تک اس منصب کی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی 24 سے 26 جون تک روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل لیگل فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جہاں مختلف ممالک کے قانونی ماہرین اور عدالتی شخصیات شرکت کریں گی۔ اس موقع پر عدالتی امور کے تسلسل اور اعلیٰ عدلیہ کی انتظامی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے جسٹس منیب اختر کو قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

Back to top button