پاکستان ایف اے ٹی ایف کے 22 نکات پر جواب آج بھیجے گا

پاکستان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے ایکشن پلان کے 22 نکات پرآج جواب بھیجے گا۔
تفصیلات کے مطابق اس ضمن میں متعلقہ تمام محکموں نے اپنے جوابات فنانشل مانٹرنگ یونٹ کو ارسال کردیئے ہیں جو آج بذریعے ای میل پاکستان کا جواب ایف اے ٹی ایف کوارسال کرے گا۔
ایف اے ٹی ایف کے اگلے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر حماد اظہر کریں گے جبکہ دیگر ارکان کے ناموں کا اعلان رواں ہفتے کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا نام بھی وفد کے ممکنہ ارکان میں شامل ہے۔ان کے علاوہ ڈی جی ایف ایم یو، ڈی جی نیکٹا، وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک بھی ممکنہ وفد کا حصہ ہوں گے۔
خیال رہے فرانس کے دارلحکومت پیرس میں ہونے والے ایف اے ٹی ایف کے حالیہ اجلاس میں پاکستان کو بلیک لسٹ میں ڈالنے کی بجائے فی الحال گرے لسٹ میں ہی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
ایف اے ٹی ایف کے صدر نے مختصر پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔صدر نے کہا پاکستان میں نئی حکومت نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کے لیے اچھے اقدامات کیے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کی کارکردگی دوبارہ جانچنے کےلیے ایف اے ٹی ایف کا اگلا اجلاس فروری 2020 میں پیرس میں ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button