پاکستان کو شکست،سری لنکا ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، شکست کے بعد گرین شرٹس کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوگیا۔سری لنکا نے پاکستان کا 252 رنز کا ہدف میچ کی آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا،کوشل مینڈس 91 رنز بناکر نمایاں رہے۔سری لنکا کو جیت کے لیے آخری گیند پر 2 رنز درکار تھے۔اس جیت کے ساتھ سری لنکا ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا جہاں اس کا مقابلہ اتوار کو بھارت سے ہوگا۔

کولمبو میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان نے بارش سے متاثرہ میچ میں مقررہ 42 اوورز میں7  وکٹوں پر 252 رنزبنائے، ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کےتحت ہدف بھی 252رنز مقرر ہوا۔محمد رضوان 86 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، عبداللہ شفیق نے  52 اور افتخار احمد نے 47 رنز اسکور کیے۔

پاکستانی وقت کے مطابق 2 بجے ٹاس ہونا تھا لیکن کولمبو میں مسلسل بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوا، تاہم بارش رکنے کے بعدساڑھے 4 بجے ٹاس ہوا اور میچ کو  45 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا تھا۔

پاکستان نے 27.4 اوورز کے کھیل میں5 وکٹ پر 130 رنز بنالیے تھے جب میچ کو بارش کے باعث روکا گیا تاہم کچھ دیر کھیل رُکنے کے بعد دوبارہ شروع کیا گیا اور میچ کو 45 سے 42 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا۔

 یہ میچ سیمی فائنل کی صورت اختیار کرگیا تھا ،سری لنکا اور پاکستان میں سے آج جیتنے والی ٹیم کو ہی ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کا مقابلہ کرنا تھا۔

عبداللہ شفیق اور فخر زمان نے پاکستانی اننگز کا آغاز کیا تاہم فخر ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے اور 4 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان کپتان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 73 کے مجموعی اسکور پر 29 رنز بناکر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے جبکہ ایشیا کپ میں پہلا میچ کھیلنے والے عبداللہ شفیق نے ففٹی اسکور کی لیکن وہ بھی 53 رنز پر کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد بیٹنگ کرنے آئے محمد حارث صرف 3 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ بیٹنگ آرڈر میں ترقی پانے والے محمد نواز بھی 12 رنز اسکور کرکے بولڈ ہوگئے۔۔

Back to top button