چین کا پاکستان میں مزید اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کا فیصلہ

پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی تعلقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں 52 رکنی اعلیٰ چینی تجارتی وفد پاکستان پہنچ گیا۔ وفد 8 سے 14 مئی تک مختلف حکومتی و کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کرے گا، جبکہ اس دوران اربوں ڈالر مالیت کے متعدد معاہدوں اور سرمایہ کاری منصوبوں پر پیشرفت متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق دورے کا مقصد دوطرفہ تجارت، صنعتی تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کو فروغ دینا ہے۔ وفد مختلف شعبوں میں شراکت داری اور مشترکہ منصوبوں پر بھی بات چیت کرے گا۔

مبصرین کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات ایک نئے اور اہم مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ دونوں دوست ممالک کے درمیان اربوں ڈالر مالیت کے ممکنہ معاہدوں کی خبریں نہ صرف ملکی معیشت کے لیے خوش آئند ہیں بلکہ یہ خطے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی اقتصادی اہمیت کی بھی عکاسی کرتی ہیں۔ اسی سلسلے میں چین کا 52 رکنی اعلیٰ سطحی کاروباری وفد پہلی مرتبہ پاکستان پہنچا ہے، جو 8 سے 14 مئی تک مختلف شہروں کا دورہ کرے گا۔

یہ وفد اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں اہم تجارتی ملاقاتوں اور بی ٹو بی معاہدوں میں شریک ہوگا۔ ماہرین کے مطابق اس دورے کو پاک چین اقتصادی تعاون میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس میں ای کامرس، ٹیلی کام، سولر انرجی، ڈیجیٹل اکانومی، انجینئرنگ، کیمیکل، ٹیکسٹائل اور بلڈنگ مٹیریل سمیت متعدد اہم شعبوں میں سرمایہ کاری اور اشتراک متوقع ہے۔

پاکستان کے لیے سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ اس دورے کے دوران الیکٹرک وہیکل، میڈیکل آلات اور صنعتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی بڑے معاہدوں کی توقع کی جا رہی ہے۔ یہ شعبے نہ صرف ملکی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کریں گے۔سی پیک منصوبے کے تناظر میں اس وفد کی آمد کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ چین پہلے ہی پاکستان میں بنیادی ڈھانچے، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے کئی بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری کر چکا ہے، تاہم اب دونوں ممالک صنعتی تعاون اور ڈیجیٹل معیشت کے نئے دور میں داخل ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں مشترکہ اکنامک ہیڈکوارٹر قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جو تجارت اور صنعتی اشتراک کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وفد کی پاکستان کی بڑی کاروباری تنظیموں اور چیمبرز آف کامرس سے ملاقاتیں بھی طے پا چکی ہیں، جبکہ بعض اہم جی ٹو جی معاہدوں کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ معاہدے کامیابی سے مکمل ہو جاتے ہیں تو پاکستان کی معیشت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا ایک نیا باب کھل سکتا ہے۔چین کی جانب سے اس بڑے وفد کی پاکستان آمد دراصل عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک مثبت پیغام ہے کہ پاکستان مستقبل میں خطے کی ایک مضبوط تجارتی اور صنعتی معیشت بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون نہ صرف اقتصادی استحکام بلکہ علاقائی ترقی کے لیے بھی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔

Back to top button