پاکستان کی خطے کے 9 ممالک کیلئے برآمدات 28 فیصد گرگئیں

پاکستان کی خطے کے 9 ممالک کے لیے برآمدات رواں مالی سال کے ابتدائی 9 مہینے کے دوران 28.28 فیصد گر گئیں، جس کی بنیادی وجہ چین کو شپمنٹس میں کمی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق صرف برآمدات میں کمی نہیں ہوئی بلکہ خاص طورپر چین سے درآمدات میں بھی کمی دیکھی گئی، حکومت کے کفایت شعاری اقدامات کے تحت درآمدی کنٹینرز کو کلیئرنس کا انتظار ہے جبکہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے صارفین کی اشیا کے لیے لیٹرز آف کریڈٹ (ایل سیز) کھولنے کو ترجیح نہیں دی جارہی۔

ملک کی افغانستان، چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھارت، ایران، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کے لیے برآمدات کم ہو کر 2 ارب 74 کروڑ ڈالر رہ گئیں، جو مالی سال 2023 میں جولائی تا مارچ کے دوران پاکستان کی کل برآمدات (21 ارب 5 کروڑ ڈالر) کا صرف 13.83 فیصد بنتا ہے۔

پاکستان علاقائی ممالک میں سب سے زیادہ برآمدات چین کو کرتا ہے جبکہ دیگر زیادہ آبادی والے ملک بھارت اور بنگلہ دیش پیچھے رہ گئے، تاہم پاکستان کی چین کے لیے برآمدات میں رواں مالی سال کے ابتدائی 9 مہینوں کے دوران سالانہ بنیادوں پر منفی نمو دیکھی گئی، پاکستان خطے کے ممالک کے لیے کُل برآمدات کا 55 فیصد چین کو بھیجتا ہے جبکہ باقی برآمدات دیگر 8 ملکوں کو کی جاتی ہیں۔

Back to top button