بڑا ٹاکرا: پاکستان جیت گیا، بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست

کرکٹ کی دنیا کے سب سے بڑے مقابلے پاکستان اور بھارت کے مابین ٹی 20ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے بھارت کو 10وکٹوں سے شکست دے دی.ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ باؤلنگ اور اوپنرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی اور پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دے دوچار کر دیا ہے۔
دبئی میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو روہت شرما کھاتا کھولے بغیر پہلی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔اسکور ابھی 6 تک پہنچا ہی تھا کہ دوسرے اوپنر لوکیش راہل بھی شاہین کی گیند نہ سمجھ سکے اور کلین بولڈ ہو گئے۔دو وکٹیں گرنے کے بعد ویرات کوہلی کا ساتھ دینے سوریا کمار یادیو آئے اور دونوں تیسری وکٹ کے لیے 25 رنز جوڑ کر اسکور کو 31 تک پہنچایا۔
اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، پاکستان نے چھٹے اوور میں حسن علی کو باؤلنگ پر متعارف کرایا جنہوں نے 11 رنز بنانے والے سوریا کمار یادیو کو چلتا کردیا، محمد رضوان نے شاندار کیچ لے کر ٹی20 کرکٹ میں کیچوں کی سنچری مکمل کر لی۔محمد حفیظ باؤلنگ کے لیے آئے تو پاکستان نے کیچ کی اپیل مسترد ہونے پر ریشابھ پنت کے خلاف ریویو لیا لیکن فیلڈ امپائر کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور پاکستان کا ریویو ضائع ہو گیا۔
اننگز کے 12ویں اوور میں ریشابھ پنٹ نے جارحانہ انداز اپنایا اور حسن علی کو لگاتار 2 چھکے لگانے سمیت اوور میں 15 رنز بنائے لیکن اگلے ہی اوور میں شاداب خان کی گیند پر چھکا لگنے کی کوشش میں وہ اونچا شاٹ کھیل بیٹھے اور باؤلر نے اپنی ہی گیند پر کیچ لینے میں کوئی غلطی نہ کی۔
بھارت کے وکٹ کیپر بلے باز نے آؤٹ ہونے سے قبل 39 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دوسرے اینڈ سے کپتان ویرات کوہلی نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کر لی۔رویندرا جدیجا نے 13 رنز کی اننگز کھیلی لیکن حسن علی کو چھکا لگانے کی کوشش میں متبادل کھلاڑی کو کیچ دے بیٹھے۔
شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور شاہین شاہ آفریدی نے بھارتی کپتان کوہلی کی اننگز کا خاتمہ کردیا، کوہلی نے 49 گیندوں پر 57 رنز بنائے۔اپنے اسپیل کی آخری گیند پر شاہین نے نوبال کردی اور فری ہٹ پر پانڈیا نے ایک رن لیا اور انہیں رن آؤٹ کرنے کے لیے شاہین کی جانب سے کی گئی تھرو پر چوکا ہو گیا اور یوں انہوں نے اپنے اسپیل کی آخری گیند پر 10 رنز دے دیے۔اننگز کے آخری اوور میں حارث رؤف نے پانڈیا کو پویلین لوٹا دیا اور بھارت کی ٹیم ساتویں وکٹ سے محروم ہو گئی۔
بھارت نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے اور پاکستان کو فتح کے لیے 152 رنز ہدف دیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین 3 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ حسن علی نے دو اور شاداب اور حارث نے ایک، ایک وکٹ لی۔
پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو محمد رضوان نے بھوونیشور کمار کو چوکا اور چھکا لگا کر ان کا استقبال کیا۔اس کے بعد فاسٹ باؤلرز کے خلاف پاکستانی بلے بازوں نے باآسانی رنز کیے لیکن اسپنرز کے خلاف وہ جدوجہد کرتے نظر آئے۔بابراعظم کو ابتدا میں رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن پھر انہوںنے رویندرا جدیجا کو چھکا اور ورُن چکراورتھی کو چوکا لگا کر جارحانہ انداز اختیار کیا۔اننگز کے 13ویں اوور میں محمد رضوان اور بابر دونوں نے وُرن کو چھکے لگا کر پاکستانکی سنچری مکمل کرائی جبکہ پاکستانی ٹیم کے کپتان نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کر لی۔بابر کے بعد رضوان نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کر لی اور بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے ہدف کی جانب پیش قدمی جاری رکھی۔
اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان کے کپتان بابراعظم نے کہا تھا کہ ہم بھارت کو کم سے کم اسکور تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔دوسری جانب بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں وہ بھی پہلے باؤلنگ ہی کرتے۔
ٹی ٹوئنٹی میچ کھلنے والےپاکستان پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم ، محمد رضوان ، فخر زمان شامل محمد حفیظ ، شعیب ملک ، آصف علی ٹیم میں شامل شاداب خان ، عماد وسیم ، حسن علی ٹیم کا حصہ حارث رؤف ، شاہین آفریدی شامل ہیں جبکہ حیدر علی کو بابر الیون کا حصہ نہیں بنایا گیا جبکہ انڈیا پلیئنگ الیون میں کپتان ویرات کوہلی ، روہت شرما ، کے ایل راہول شامل سوریا کمار ، ہاردک پانڈیا ، روندرا جدیجا ٹیم میں شامل محمد شامی ، جسپریت بھمرا ، روی چندرن ایشون شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 8 ٹی 20 میچ کھیلے گئے، پاکستان نے ایک جیتا، 6 میں گرین شرٹس کو شکست ہوئی۔ پاکستان کو بھارت کیخلاف ٹی ٹونٹی میچز میں واحد فتح بنگلور کے مقام پر دسمبر 2012 میں ملی تھی جب اس نے بھارت کو 5 وکٹوں سے زیر کیا۔

Back to top button