پنجاب میں بارش کے سبب مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق

پنجاب میں بارشوں نے تباہی مچادی اور بارش کے سبب مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق ہو گئے۔فیصل آباد میں بارش کے بعد مکان کی چھت گرنے کے دو مختلف واقعات میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔
شہر اور گردونواح میں گزشتہ رات طوفانی بارش ہوئی جس کے دوران تاندلیانوالہ میں گھر کے 3 کمروں کی چھتیں گر گئیں جس کے نتیجے میں ماں ، 13 سالہ بیٹا مہدی حسن، 12 سالہ بیٹا یاسر، 10 سالہ خرم شہزاد ، 2 بیٹیاں فرزانہ، جنت بی بی اور بھتیجی 18سالہ بشیر اں بی بی جاں بحق ہو گئے جب کہ 2 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
دوسرا واقعہ عباس پور روڈ پر واقع نواحی علاقے کنگاں میں پیش آیا جہاں گھر کی چھت گرنے سے پورا مکان گر گیا جس کے نتیجہ میں تین بہن بھائی 17 سالہ سائرہ، 9 سالہ نسیم بی بی اور 13 سالہ رضوان جاں بحق ہو گئے جب کہ والدہ اور 2 بیٹیوں سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو ٹیم نے اسپتال منتقل کر دیا۔
دوسری جانب جڑانوالا میں بارش کے بعد کرنٹ لگنے سے 4 سال کا بچہ جاں بحق ہوگیا جب کہ چونیاں کے نواحی گاؤں ٹیلہ میں بارش کے باعث خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 10سال کا لڑکا جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔
بورےوالا میں بھی بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا اس کے علاوہ لودھراں میں بارش کے باعث مکان کی دیوار گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا تاہم کل سے بارشوں کی شدت میں کمی آئے گی، جب کہ آئندہ ہفتے پنجاب کے بڑے شہروں میں پھر سے بارش متوقع ہے، جس کے باعث ارب فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
