پنڈی ٹیسٹ،چوتھا روز:انگلینڈ کا پاکستان کو جیت کیلئے343 رنز کا ہدف

راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز  مہمان ٹیم انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 343 رنز کا ہدف دے دیا۔

قبل ازیں  پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 579 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس طرح سے مہمان ٹیم کو 78 رنز کی سبقت برتری حاصل ہوگئی جب کہ انگلش ٹیم نے دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنا کر اننگز دیکلیئر کردی۔

دوسری اننگز میں پہلی اننگز کے سنچری میکر بین ڈکٹ پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے، ان کے بعد انگلش کھلاڑی اولی پوپ بھی صرف 13 رنز کے ساتھ پویلین لوٹ گئے جب کہ زیک کرولی 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر پاکسان نے پہلی اننگز میں دونوں اوپنرز اور کپتان بابراعظم کی سنچریوں کی بدولت 7 وکٹوں پر 499 رنز بنا لیے تھے۔

آج چوتھے روز قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز آغا سلمان اور زاہد محمود نے 499 نامکمل رنز سے کیا، آغان سلمان 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ 17 رنز بنا کر پویلین لوٹے، ان کے علاوہ نسیم شاہ 15 اور حارث رؤف 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور یوں پاکستان کرکٹ ٹیم 579 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

گزشتہ روز، پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق 114، امام الحق 121، اظہر علی 27، کپتان بابر اعظم 136، سعود شکیل 37، محمد رضوان 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے،انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ان کے علاوہ جیک لیچ نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ جیمز اینڈرسن اور اولی روبنسن نے ایک ایک وکٹ لی۔

واضح  رہے کہ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں چار کھلاڑیوں کی سنچریوں کی بدولت رنز کا پہاڑ کھڑا کرتے ہوئے 657 رنز بنائے تھے، انگلینڈ کی ٹیم 17 سال بعد پاکستانی سرزمین پر پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے جہاں اس سے قبل انگلینڈ نے 2005 کے دورہ پاکستان کے دوران آخری مرتبہ ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔

قومی ٹیم کے سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، سعود شکیل، محمد رضوان، آغا سلمان، نسیم شاہ، حارث رؤف، محمد علی اور زاہد محمود جبکہ مہمان ٹیم  انگلینڈ کے سکواڈ میں بین اسٹوکس (کپتان)، زیک کرالی، بین فوکس، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، ول جیکس، لیام لیونگسٹن، اولی رابنسن، جیک لیچ اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔

Back to top button