مسلم لیگ ن کی جیت حکمرانوں کے لئے موت سے بد تر ہے

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ڈسکہ میں پولنگ اسٹیشن پر گھنٹوں انتظار کے باوجود پولنگ اسٹیشن کے دروازے نہیں کھولے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹرز کو بے وقوف بنایا گیا، یہاں تک کہ پولنگ کا وقت ختم ہونے کے قریب پہنچ گیا جس پر ن لیگ کے کارکنوں کا صبر جواب دے گیا اور ن لیگ کے کارکنوں نے احتجاج کیا اورکارکن دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو گئے ۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اس صورتحال پر شرم کرے۔
لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ میں مسلم لیگ ن کے،خصوصاً ڈسکہ، وزیرآباد اور نوشہرہ کے ورکرز سے درخواست کرتی ہوں کہ آج آپ نے PTI کے حکومتی اراکین اور پولیس کی کھلم کھلا غنڈہ گردی اور دھاندلی کے باوجود جس جرآت بہادری اور عزم سے ووٹ ڈالا ہے، اب اسی جرات اور بہادری سے اپنے ووٹ پر پہرہ بھی دیں اور اس کی حفاظت کریں۔
مریم نواز نے کہا کہ کارکنان ووٹوں کی گنتی اور بیلٹ باکس کی ترسیل کے دوران نہ صرف پولنگ سٹیشنز پہ رہیں بلکہ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کے دوران بھی ریٹرننگ افسرز کے دفاتر تک پہرہ دیں اور جب تک تمام فارمز 45 اور فائنل رزلٹ نہیں مل جاتا برائے مہربانی اپنے ووٹ کی حفاظت کریں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ یہ ووٹ چور حکومت آپ کا ووٹ چوری کرنے کا ہر حربہ استعمال کرے گی۔ مسلم لیگ ن کی جیت ان کے لئے موت سے بد تر ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان چوروں کو آپ نے ہر حال میں روکنا ہے اور ان پر کڑی نظر رکھنی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام نے الحمدُللّہ شیر کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے اب اس فیصلے کی حفاظت باقی ہے.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button