پڑھاکو مادھوری ڈکشٹ ’’دھک دھک گرل‘‘ کیسے بنی؟


اپنے فلمی کیرئیر کے 38 سال مکمل کرنے کے بعد 55 سال کی عمر میں بھی بھارتی دھک دھک گرل مادھوری ڈکشٹ مداحوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں، آج بھی ان کے مداح انہیں وہی پیار دے رہے ہیں جو ان کو برسوں پہلے ملتا تھا۔ مادھوری کے پاس آج نئی فلموں کی کمی ہے، اس کے باوجود مادھوری کے جادو میں کوئی کمی نہیں آئی، مادھوری ڈکشٹ 15 مئی 1967 کو ممبئی کے ایک مراٹھی برہمن گھرانے میں پیدا ہوئیں، والد شنکر ڈکشٹ پیشے کے لحاظ سے انجینئر تھے اور والدہ سنیہلتا ڈکشٹ گھریلو خاتون ہونے کی وجہ سے کلاسیکی رقص اور گانے میں بہت دلچسپی رکھتی تھیں۔

مادھوری کی پیدائش سے پہلے ہی ڈکشٹ خاندان میں تین بچے آچکے تھے، مادھوری اپنے چار بہن بھائیوں روپا، بھارتی اور اجیت میں سب سے چھوٹی ہیں، ان کی ماں سنیہلتا نے پہلے روپا اور بھارتی کو کتھک ڈانس سکھایا، جب مادھوری 17 سال کی ہوئی تو فلم ابودھ کی ہیروئن بن گئی تھیں، اگرچہ مادھوری کو ابودھ کے بعد آوارہ باپ، سواتی، حفاظت، اتر دکشن اور خطروں کے کھلاڑی جیسی فلمیں ملیں، لیکن ان کی سات فلمیں اوپر تلے فلاپ ہوئیں، اس ناکامی سے مادھوری بری طرح ٹوٹ گئیں۔

لیکن ماں کی باتیں تب سچ ثابت ہوئیں جب ان کی فلم تیزاب 1988 میں ریلیز ہوئی، فلم نے کامیابی سمیٹی اور ان کے ڈانسنگ ٹیلنٹ کو سراہا گیا جب مادھوری نے موہنی کے طور پر فلم کے ایک گانے ایک دو تین پر ڈانس کیا تو پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا تیزاب نے مادھوری کی قسمت بدل دی۔ اسکے بعد مادھوری نے آہستہ آہستہ ہندی سنیما کو اپنی گرفت میں لینا شروع کر دیا، سبھاش گھئی نے فلم رام لکھن میں مادھوری کو اس سے بھی زیادہ شان و شوکت سے دکھایا کہ اب وہ سپر سٹار بن چکی ہیں، مادھوری اپنے 38 سالہ فلمی کیریئر میں اب تک تقریباً 70 فلمیں کر چکی ہیں جن میں دل، پرندہ، کھل نائیک، ہم آپ کے ہیں کون، انجام، دل تو پاگل ہے، پکار اور دیوداس جیسی ہٹ فلمیں شامل ہیں۔
جہاں مادھوری ڈکشٹ نے اپنے کریئر میں کل چھ فلم فیئر ایوارڈ حاصل کیے ہیں، وہیں 17 بار فلم فیئر میں نامزد ہو کر کئی بڑی اداکاراؤں کو پیچھے چھوڑ چکی ہیں۔ 2008 میں حکومت ہند نے انہیں پدم شری سے بھی نوازا۔

مادھوری ڈکشٹ کی زندگی میں ایک نیا موڑ آیا جب 17 اکتوبر 1999 کو امریکہ میں اپنے بھائی کے گھر پر انڈین نژاد ڈاکٹر سری رام مادھو نینے سے شادی کی، جب ان کی شادی کی خبر انڈیا پہنچی تو بہت سے لوگ حیران رہ گئے تاہم مادھوری نے کچھ دنوں بعد ممبئی واپس آ کر شادی کا استقبالیہ دیا جس میں مہاراشٹر کے اس وقت کے وزیر اعلی اور شیو سینا کے سربراہ بالا صاحب ٹھاکرے سمیت امیتابھ بچن، دلیپ کمار، سائرہ بانو، سری دیوی اور بونی کپور سمیت کئی لوگ آئے۔ شادی کے سات سال بعد ریٹائرمنٹ ترک کر کے مادھوری دوبارہ فلموں میں کام کرنے کے لیے تب انڈیا واپس آئیں جب یش چوپڑا نے ان کو فلم ‘آجا نچ لے’ کے لیے بلایا، وہ سونی چینل کے ٹی وی شو جھلک دکھلا جا کے لیے بھی 2010 میں کچھ وقت کے لیے ممبئی واپس آئیں۔

مادھوری اکتوبر 2011 میں امریکہ چھوڑ کر خاندان کے ساتھ ممبئی واپس آ گئیں، حال ہی میں ادکارہ نے اپنا نیا اپارٹمنٹ خریدا ہے، ان کے پاس فلمیں نہیں ہیں، لیکن اس بات کی انہیں کوئی فکر نہیں، آجکل وہ کلرز کے ڈانس دیوانے میں جج بن کر اپنی موجودگی کا احساس دلا رہی ہیں۔

مادھوری نے حال ہی میں نیٹ فلکس تھرلر ویب سیریز ‘دی فیم گیم’ کرنے میں بھی مرکزی کردار ادا کیا اور ایک ایسی ہیروئین کا رول کیا جسکا کیریئر خاتمے کی جانب گامزن ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ اداکارہ نے اپنی فلمیں بنانے کی بھی تیاری کر لی ہے۔

Back to top button